ظاہرہ شیخ کا حقہ پانی بند | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں مسلمانوں کی تنظیموں کے اتحاد آل انڈیا تہوار کمیٹی نے گجرات کے بیسٹ بیکری کیس کی عینی گواہ ظاہرہ شیخ کا بائیکاٹ اور انہیں برادری سے باہر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آل انڈیا تہوار کمیٹی نے ظاہرہ شیخ کی طرف سے بیسٹ بیکری کیس میں اپنا بیان بدل لینے کی وجہ سے ان کو مسلم برادری سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ سنیچر کو آل انڈیا تہوار کمیٹی نے اپنے ایک اجلاس میں کیا جس میں 50 کے قریب علماء اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔ ظاہرہ شیخ چودہ مسلمانوں کو زندہ جلانے کے الزام میں اکیس ہندوؤں پر قائم مقدمے کی عینی شاہد ہیں اور وہ کئی مرتبہ اپنا بیان بدل چکی ہیں۔ آل انڈیا تہوار کمیٹی کی شوریٰ نے اس معاملہ پر غور کے بعد کہا کہ ظاہرہ شیخ پوری مسلمان برادری کی ’بے عزتی‘ کا باعث بنی ہیں۔ شوریٰ نے ظاہرہ شیخ کو منافق قرار دیا۔ آل انڈیا تہوار کمیٹی نے گجرات اور مہاراشٹر میں اپنی شاخوں اور مسلمان برادری سے درخواست کی ہے کہ وہ ظاہرہ شیخ اور ان کے خاندان والوں کا بائیکاٹ کریں اور ان سے تمام روابط منقطع کر لیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||