کشمیر کم از کم چھ شدت پسند ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افسران کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک بھارتی افواج کے ساتھ ایک جھڑپ میں کم از کم چھ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ ان دراندازوں پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی پہاڑیوں سے بھارتی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ لیفٹیننٹ کرنل ڈی کے بدولین کا کہنا ہے کہ ضلع راجوری میں زبردست لڑائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی دستوں نے علاقے میں موجود دیگر شدت پسندوں کو پکڑنے کے لئے تلاشی مہم شروع کی تھی۔ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کی جانب سے اسلحہ اور گولہ بارود برامد کیا گیا ہے ان کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے سری نگر میں ایک سیاحتی مقام پر بم دھماکہ میں نو بھارتی فوجی ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔ بھارت اور پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر عرصے سے جاری تنازعہ کو ختم کرنے کے مقصد سے امن کی کوششیں شروع کی ہیں۔ بھارت پاکستان پر کشمیر میں شدت پسندوں کی مدد کرنے کا الزام لگاتا رہا ہے جبکہ پاکستان اس بات سے انکار کرتا ہے۔ کشمیر کے تنازعہ میں اب تک 66000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||