دو نئے سیارے خلاء میں روانہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے خلائی تحقیقی ادارے اسرو نے ایک اور حساس مصنوعی سیارے CARTOSAT- 1 کو کامیابی کے ساتھ مدار میں بھیج دیا ہے۔ اس سیارے سے بنیادی طور پر ملک کے تمام علاقوں کی نقشہ سازی میں مدد ملےگی۔ یہ پانچ برس تک کام کرے گا۔ یہ سیارہ سری ہری کوٹہ کے خلائی مرکز کے ایک نئے لانچنگ پیڈ سے پی بیس ایل وی کے ذریعے مدار میں پہنچایا گيا ہے۔ اس سیارے کے ساتھ ایک کم وزن کا چھوٹا سیارہ HASMAT بھی مدار میں بھیجا گیا ہے جو ریڈیو سگنل کے لیے ہوگا۔ اس طرح کے سگنل سونامی، زلزلے اور طوفان جیسی قدرتی آفات کے دوران اس وقت بہت کارآمد ثابت ہوتے ہیں جب مواصلات کے تمام نظام تباہ ہو جاتے ہیں۔ ان حالات میں ریڈیو کے ذریعے مواصلات کا سلسلہ قائم ہو جاتا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب اسرو نے پی ایس ایل وی راکٹ کے ذریعے دو مصنوعی سیاروں کو ایک ساتھ مدار میں بھیجا ہے۔ اسرو کے مطابق CARTOSAT کی تصاویر اتنی صاف ہوں گی کہ گھر کے سامنے کھڑی ہوئی کار کا ماڈل تک واضح ہو سکے گا۔ اس نوعیت کا یہ پہلا سیارہ ہے جو غیر فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہوگا۔ اس کی تیاری اور لانچ پر چار سو کروڑ روپے صرف ہوئے ہیں۔ جس وقت دونوں سیارے مدار میں پہنچے سری ہری کوٹہ کے زمینی مرکز پر اسرو کے سائنس دانوں نے تالیاں بجا کر اور ایک دوسرے کو گلے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔ لانچ کے وقت صدر اے پی جے عبدالکلام بھی اسرو کے سائنس دانوں کے ساتھ موجود تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||