بالی وڈ،ہالی وڈ اور کرکٹرز | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آج کل پاکستان کے ان فِٹ فاسٹ بالر شُعیب اختر کے فلموں میں کام کرنے کا بہت چرچا ہے اوراس سلسلے میں انہیں کافی شہرت مل رہی ہے۔ تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے کھیلے جانے سے پہلے ان کی ملاقات بنگلور میں سنگمیترا چودھری اور پائل مہتا سے ہوئی جنہوں نے شعیب اختر کو’میں اور میری ہمت‘ نامی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ان دونوں ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ شعیب اس کامیڈی فلم میں ایک کرکٹر کا کردار ادا کریں گے اور ان کے ساتھ دیپیکا پدوکون یا ہانسیکا موتوانی ہیروئن ہوں گی۔ باوثوق ذرائع کہتے ہیں کہ شعیب اس فلم میں اداکاری کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔ اس سے پہلے شعیب پروڈیوسر مہیش بھٹ کی فلم ’گینگسٹر‘ میں کام کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔ تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا شعیب اداکاری کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔ ان سے پہلے بھی مشہور ٹیسٹ کرکٹرز بالی وڈ کی فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی اپنے کرکٹ کے کھیل جیسا جوہر نہ دکھا سکا۔ ان میں مشہور ناموں میں شامل سلیم درانی، سنیل گواسکر، کپل دیو، سید کرمانی، ونود کامبلی، اجے جدیجہ اور سندیپ پاٹل کے نام قابلِ ذکر ہیں۔
کپل دیو نے فلم ’اقبال‘ میں سلیکٹر کا کردار ادا کیا تھا، جدیجہ نے فلم ’کھیل‘ میں ایک اہم کردار کیا تھا جبکہ سندیپ پاٹل نے کئی فلموں میں ہیرو کا رول کیا۔ اب تو یہ بھی خبر عام ہے کہ بھارت کے موجودہ کپتان انیل کمبلے چندرا کانت کلکرنی کی فلم ’میرا بائی۔ناٹ آؤٹ‘ میں ٹیلیویژن میزبان مندرا بیدی کے ہمراہ مارچ سے شوٹنگ شروع کریں گے۔ اس فلم میں انوپم کھیر بھی شامل ہوں گے۔ پاکستان کے مشہور اوپننگ بیٹسمین محسن خان نے بھی بھارت اور پاکستان کی کئی فلموں میں ہیرو کا رول کیا ہے۔ پاکستان کے خوبرو بالر فضل محمود کو جب انیس سو باون کے بھارت کے دورے پر دلیپ کمار کے ساتھ اداکاری کی پیشکش ہوئی تو انہوں نے یہ کہ کر ٹھکرا دی کہ’یہ میرا کام نہیں‘۔دلچسپ بات تو یہ ہے کہ دلیپ کمار خود ایک ٹیسٹ کرکٹر بننا چاہتے تھے اور بن گئے اداکار۔
لیکن اگر تاریخ پر نظر دوڑائیں تو یہ معلوم ہوگا کہ پہلے ٹیسٹ کرکٹر جنہوں نے فلموں میں اداکاری کی وہ تھے انگلینڈ کے کھلاڑی سر چارلس آبرے سمتھ۔ وہ لندن کے ایک ڈاکٹر کے بیٹے تھے اور کیمبرج یونیورسٹی اور سرے کاونٹی سے بھی کھیلتے تھے۔ آبرے اسمتھ انگلینڈ کے پہلے دورۂ جنوبی افریقہ میں کپتان کی حیثیت سے اٹھارہ سو اٹھاسی میں ٹیسٹ کھیلے اور سات وکٹیں بھی لیں۔ تین دن کا یہ ٹیسٹ دو دن میں ختم ہو گیا سو انگلینڈ آٹھ وکٹوں سے یہ ٹیسٹ جیت گیا۔ ویسٹ اینڈ سٹیج پر انہیں ’پرزنر آف زنڈا‘ میں کام کرنے کا موقع ملا اور اس کے سینتیس سال بعد جب ہالی وڈ میں اسی سٹیج ڈرامہ کو فلمایا گیا تو سمتھ نے اس فلم میں ہیرو کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے الزبتھ ٹیلر کے ساتھ فلکم’لٹل وومن‘ میں بھی اداکاری کی۔ بعد میں انہوں نے ہالی وڈ میں ہالی وڈ کرکٹ کلب کی بنیاد ڈالی اور کئی بار مشہور کھلاڑی وہاں ان کی دعوت پر جا کر کھیلتے رہے جن میں مشہور نام ڈان بریڈ مین اور ڈینس کامپٹن کے بھی ہیں۔ | اسی بارے میں مہیش بھٹ شعیب ملاقات طے16 May, 2005 | فن فنکار اقبال: ایک بامقصد اور منفرد فلم23 August, 2005 | فن فنکار ’میں سچن تندولکر‘، ایک میوزیکل26 July, 2005 | فن فنکار برائن لارا کو کاسٹ کرنے کی کوشش15 May, 2007 | فن فنکار باب وولمر کی پراسرار موت پر فلم19 May, 2007 | فن فنکار ’اب میچ دیکھنے نہیں جاؤں گا‘21 November, 2007 | فن فنکار ’ایسے مت چک انڈیا‘25 August, 2007 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||