بولی وڈ اب پاکستانی ٹی وی پر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں غیر ملکی ٹی وی چینلز کی نمائش پر پابندی کی باتیں چل رہی ہیں تو ایسے میں پاکستان میں حال ہی میں شروع ہوئے چینل ’ٹی وی ون‘ پر ناظرین بولی وڈ سے متعلق چٹپٹی باتیں، فلمی گپ شپ جیسے کئی پروگرام ہفتہ میں ایک بار ضرور دیکھ سکیں گے۔ مذکورہ چینل ایک ایسا ہفتہ وار پروگرام شروع کررہا ہے جس میں بولی وڈ سے متعلق تمام باتیں، فلمیں، گرم مسالہ، فلم کی شوٹنگس، پارٹیاں اور گپ شپ سب کچھ دکھایا جائے گا۔ ’ان ہاؤس پروڈکشن‘ کے اشتراک سے بنائے جانے والے اس پروگرام کے ڈائریکٹر سنیل دھرم ادھیکاری نے بی بی سی اردو ڈاٹ کوم کو بتایا کہ اس پروگرام کی شوٹنگ ممبئی میں ہورہی ہے اور پروگرام پاکستان میں پندرہ یا سولہ جنوری سے نشر کیا جائےگا۔ آدھے گھنٹے کے اس پروگرام کی میزبان شونالی ملہوترہ عرف سونی ہیں۔ اس پروگرام کی شوٹنگ ممبئی میں ہی ہوگی کیونکہ ان کے مطابق ناظرین کو ممبئی میں بولی وڈ سرگرمیوں کو دکھانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ’ہم ناظرین کو بولی وڈ کی زیر تکمیل فلموں کی شوٹنگز بھی دکھائیں گے اور ہر بڑے فنکار کا انٹرویوبھی ہوگا‘۔ پروگرام کو چار قسطوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پوسٹ پارٹم، اسٹار آف دی ویک، گپ شپ اور حالیہ واقعات۔ ٹی وی اسٹار شونالی عرف سونی کی تو خوشی کا کوئی ٹھکانہ ہی نہیں ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اب انہیں پڑوسی ملک کے لوگ اپنے گھروں میں دیکھ سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت اچھا لگتا ہے جب اپنے نہیں بلکہ باہر کے لوگ آپ کی تعریف کریں اور یہ ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ اتنے سارے اسٹارز کے درمیان ان کا انتخاب کیا گیا۔ شونالی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان فنکاروں کے اس طرح کے تبادلے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ان کے درمیان سیاست کی دھوپ چھاؤں کوئی معنی نہیں رکھتی اور لوگوں کے جذبات کے درمیان سرحد کی لکیریں بے معنی سی ہو کر رہ گئی ہیں۔ شونالی اسٹار ون پر دل کیا چاہتا ہے، ملی اور سہارا ون پرایک شو ’بولی وڈ اور کیا‘ کی میزبان بھی ہیں۔ شونالی کا خیال ہے کہ پروڈکشن کمپنی کوان کا کام پسند آیا ہو گا اس لیے اتنے پڑے پروجیکٹ میں انہیں شامل کیا گیا لیکن انہیں افسوس ہے کہ انہیں پاکستان جانے کا موقع نہیں مل رہا ہے۔ پاکستان میں لوگ گھروں میں غیر قانونی طور پر بھارتی فلمیں اور چینل کے کچھ پروگرام دیکھ پاتے ہیں۔ ’جیو‘ چینل کی شروعات گزشتہ برس ہوئی تھی جس میں بھارت اور پاکستان کے ٹی وی اور فلمی فنکاروں کو لے کر کئی ٹی وی سیریل بنے جو بہت مشہور ہوئے لیکن ان ہاؤس پروڈکشن کا یہ پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہو گا جس سے پاکستانی ناظرین بولی وڈ کی سرگرمیوں سے براہ راست واقف ہو سکیں گے۔ |
اسی بارے میں رقص پر پابندی بلا جواز ہے25 September, 2003 | فن فنکار بھارت کے لیے پاکستانی چینل18 August, 2004 | فن فنکار متنازعہ فلم کی مقبولیت میں اضافہ22 February, 2004 | فن فنکار سونامی: لولی بولی ووڈ ستارے ساتھ 08 February, 2005 | فن فنکار بولی ووڈ: نجی زندگیوں پر فلمیں21 September, 2005 | فن فنکار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||