BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 18 August, 2004, 17:25 GMT 22:25 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بھارت کے لیے پاکستانی چینل

پاکستانی چینل
پاکستان کے ’جنگ گروپ‘ کے ٹی وی چینل ’جیو ٹی وی‘ نے بھارت میں اپنے پروگرام دکھائے جانے اور بھارت کے لیے ایک نیا چینل شروع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

جیو ٹی وی کے ڈسٹربیوشن ڈائرکٹر حسن مصطفیٰ نے انڈین ٹیلی وژن ڈاٹ کام کے ساتھ بات چیت میں بتایا کہ ان کے پاس بھارت میں اپنے چینل کو مقبول بنانے کے لیے کئی منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارت میں ان کا چینل کامیاب رہے گا۔

وہ ’کیبل کویسٹ‘ کے ’بروڈکاسٹ اور کیبل شو‘ میں حصہ لینے آج کل ممبئی میں ہیں۔

جیو ٹی وی اردو زبان کا ٹی وی چینل ہے جس پر تفریح اور خبروں پر مشتمل پروگرام دکھائے جاتے ہیں۔ فی الحال یہ چینل بھارت میں ڈش ٹی وی کے ڈی ٹی ایچ (’ڈائریکٹ ٹو ہوم‘ یعنی ’سیدھا گھر تک‘) کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے۔

تاہم کچھ علاقوں میں جہاں مسلمانوں کی تعداد زیادہ ہے یہ چینل کیبل کے ذریعے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

حسن مصطفیٰ کے مطابق ان کا چینل بہت جلد بھارت کے لیے خصوصی پروگرام دکھانے لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے چینل کا مقصد بھارتی پروگراموں میں اضافہ کرنا ہوگا مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس چینل پر بھارتی کمپنیوں کے اشتہار دکھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارت کے لیے ہم صرف تفریح پر مبنی پروگرام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ جیو ٹی وی مفت چینل ہوگا اور انہیں یقین ہے کہ اس وجہ سے وہ کافی مقبول ہو جائےگا۔

جیو ٹی وی کے منصوبے کے تحت بازار میں تقریباً دس ہزار رسیور ڈی کوڈرز کیبل مہیا کرنے والوں میں مفت تقسیم کیے جائیں گے۔

حسن مصطفیٰ نے کہا کہ ’اس ڈی کوڈر باکس کی قیمت تقریباً پانچ ہزار روپے ہوگی مگر ہم اس میں کمی کرنے کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔‘

اطلاعات کے مطابق جیو ٹی وی بھارتی ناظرین تک پہنچنے کے لیے کسی موجودہ بھارتی چینل کی مدد لینے کے بارے میں بھی غور کر رہا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ جیو ٹی وی زی ٹرنر، سٹار انڈیا اور ایل کے مودی کمپنی کے ساتھ اس بارے میں بات چیت کر رہا ہے۔ البتہ حسن مصطفیٰ نے اس بات کی تردید یا تصدیق کرنے سے انکار کر دیا۔

ایل کے مودی کمپنی دوبئی میں مقیم ’ٹین سپورٹس‘ چینل کو بھارتی ناظرین تک پہنچانے کا کام بھی کرتی ہے۔

حسن مصطفیٰ نے کہا کہ وہ تمام کمپنیوں سے بات کر رہے ہیں۔

حال ہی میں جیو ٹی وی نے کہا تھا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دوریوں کو کم کرنے کے مقصد سے بھارتی فنکاروں اور فلم سازوں کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔

جیو ٹی وی پر دکھائے جانے والے پروگراموں میں ہدایت کار سنیل سالگیا کا سیریل ’لاکھوں میں تین‘ شامل ہے۔ یہ سیریل دو پاکستانی اور ایک بھارتی دوستوں کی زندگیوں پر مشتمل ہے جو کام کی تلاش میں دوبئی جاتے ہیں۔ سیریل میں کام کرنے والے فنکاروں میں بھارت سے اشوک صراف اور پاکستان سے جاوید شیخ شامل ہیں۔

جیو ٹی وی کی نشریات 14 اگست 2002 سے شروع ہوئی تھیں۔ یہ چینل 24 گھنٹے دوبئی کی میڈیا سیٹی سے اپنی نشریات جاری کرتا ہے۔ چینل کی نشریات متحدہ عرب امارات، پاکستان، مورشس، امریکہ اور بنگلہ دیش میں دیکھی جا سکتی ہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد