ریحانہ بستی والا ممبئی |  |
 میں ہدایت کاری ’شعلے‘ دیکھ دیکھ کر سیکھی: رام گوپال ورما |
بولی وڈ کی یادگار ترین دو فلموں ، ڈان اور شعلے کو انڈسٹری کے دو نامور فلمسازوں نے دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلم ڈان کو نوجوان فلمساز فرحان اختر بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو اب فلم سرکار کے خالق رام گوپال ورمانے فلم شعلے بنانے کا اعلان کیا۔ رمیش سپی کی یادگار فلم شعلے میں سنجیو کمار، امیتابھ بچن ،دھرمیندر ، جیا بچن اور ہیما مالنی نے کردار ادا کئے تھےاور ان تمام اداکاروں کی کیمسٹری میں ایک نئے اداکار امجد خان نے ولن کے روپ میں بولی وڈ میں پہلی مرتبہ انٹری کی تھی۔ لیکن کیا رام گوپال ورما اسی کہانی کو ’ری میک‘ کریں گے یا اس میں تبدیلیاں کریں گے؟ اس کے جواب میں مسٹر ورما نے کہا کہ ’ نہیں ان کی کہانی گاؤں کی نہیں بلکہ ممبئی شہر کی ہوگی اور اس میں کوئی ڈاکو ولن نہیں بلکہ پولس اور انڈرورلڈ کے درمیان جنگ رہے گی۔‘ مسٹر ورما نے فلم شعلے کم از کم ستائیس مرتبہ دیکھی ہے اور ان کے مطابق اس فلم کو دیکھ دیکھ کر انہوں نے ہدایت کاری سیکھی ہے اور ایک طرح سے یہ فلم ان کے لئے اسکول ثابت ہوئی۔مسٹر ورما دو سال سے اس فلم کو بنانے پر غور کر رہے تھے۔ وہ اس فلم کو پر تشدد فلم نہیں مانتے ان کا کہنا ہے کہ ’یہ فلم پوری طرح کمرشل فلم تھی۔ اس میں ہیلن کا رقص تھا ، یادگار نغمے تھے، کامیڈی تھی اور انسانی جذبات کو بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا تھا۔‘ مسٹر ورما انڈرورلڈ پر فلمیں بنانے کے لئے مشہور ہیں اور اس فلم میں بھی وہ انڈرورلڈ کو ہی نمایاں کریں گے۔ ’میں اس فلم میں ’ستیہ‘ اور ’ڈی‘ کو ملا جلا کر پیش کروں گا۔ یہ فلم میرے لئے بہت بڑا امتحان ہو گی اور پتہ نہیں میں اس پر کتنا کھرا اتروں گا۔‘ فلم کی کاسٹ کے بارے میں ابھی مسٹر ورما نے کچھ طے نہیں کیا ہے لیکن وہ اس فلم میں نئے چہروں کو لیں گے۔ ویسے بھی عام طور پر مسٹرورما نئے چہروں کو لے کر ہی فلم بناتے ہیں اور اس لئے ان کی فلمیں کم بجٹ کی ہوتی ہیں۔ صرف سرکار میں انہوں نے امیتابھ بچن جیسے بڑے اداکار کو لیا تھا اور اس لئے وہ ان کی اب تک کی بنائی گئی فلموں میں سب سے بڑے بجٹ کی فلم تھی۔ رام گوپال ورما کی ’شعلے‘ سے پہلے فرحان اختر نے’ ڈان‘ بنانے کا اعلان کیا تھا اور انہوں نے اس پر کام بھی شروع کر دیا ہے۔ وہ اپنی اس فلم کے بارے میں ابھی میڈیا سے باتیں کرنا نہیں چاہتے ہیں لیکن جو خبریں ملی ہیں ان کے مطابق وہ ہو بہو امیتابھ بچن کی ’ڈان‘ کی ہی طرح اپنی فلم بنائیں گے اس میں ’ کھئی کے پان بنارس والا‘ نغمہ بھی شامل ہوگا اور اس فلم میں امیتابھ بچن کا بھی رول ہو گا لیکن ڈان کا کردار وہ کسے دیں گے اس کے بارے ابھی کچھ معلوم نہیں۔ |