ارُون استھانہ ممبئی |  |
 |  تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس کے لیے اداکاروں کا انتخاب شروع ہو چکا ہے |
بالی وڈ کے مشہور وِلن شکتی کپور اب کہانی نویس بن گئے ہیں۔ حال ہی میں ان کے ساتھ ہوئے ایک واقعہ کے بعد انہیں یہ نیا کام اور نام حاصل ہوا ہے۔ اِس واقعہ نے شکتی کپور کو ذاتی زندگی میں بھی وِلن بنا دیا تھا۔ دِلچسپ بات یہ ہے کہ اُس واقعہ کے بعد شکتی کا کیریئر نئی اڑان بھرنے لگا ہے۔ شکتی کو چند ماہ پہلے ہی بھارت کے ایک نیوز چینل نے کاسٹنگ کاؤچ یعنی فلموں میں کام کے بدلے جسمانی استحصال میں ملوث بتایا اور دِکھایا تھا۔ اب شکتی جو فلم لِکھ رہے ہیں وہ بھی اِسی مسئلے کے اِرد گِرد بنائی گئی ہے۔ اِس فلم کے فلم ساز و ہدایت کار دیپک بلراج وِز ہیں۔ اِس فلم کا نام ہے ’سیکس اینڈ سکینڈل‘۔ دیپک اس سے پہلے کافی فلمیں بنا چکے ہیں۔ ان میں مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ ’سیلاب‘ اور ’جان تیرے نام‘ شامل ہیں۔ دیپک وز کے مطابق اِس فلم میں بالی وڈ کے بڑے ستارے کام کر رہے ہیں۔ باقی چھوٹے کرداروں کو حقیقی زندگی کے مشہور پیچ تھری شخصیات ادا کریں گی کیونکہ یہ فلم بالی وڈ ہی نہیں پوری اعلیٰ سوسائٹی کی رنگینیوں کے پیچھے چل رہے سیکس سکینڈلوں کا پردہ فاش کرتی ہے۔ ان کے مطابق اِس فلم کے ذریعے وہ لوگوں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں، خاص طور پر جوان ہونے والے نسل کو۔ اِس لیے وہ ایسے کُھلے موضوع کے باوجود فلم ایسے بنا رہے ہیں جس سے سینسر سے یو/اے سرٹیفکیٹ ملے اور یہ نسل بھی اِسے آسانی سے دیکھ سکے۔ کہا جا رہا ہے کہ اِس فلم کی کہانی میں کئی اصل واقعات بھی شامل ہیں۔ اس فلم میں اٹھائے جانے والے مسائل میں کاسٹنگ کاؤچ بہت اہم ہے۔ لیکن شکتی کپور نے خود بی بی سی سے بات چیت میں اس سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس میں نہ تو میں کسی کا نام لے رہا ہوں اور نہ ہی کسی کی ذاتی زندگی میں جھانک رہا ہوں۔ لیکن جو کچھ بھی ہے وہ خالِص اصلیت ہے اور ہر شخص اُسے اپنے آس پاس دیکھ سکتے ہیں۔ ایسے میں وہ کِسی بھی واقعے کو کسی بھی شخص سے جوڑ کردیکھ تو سکتے ہیں لیکن اِس میں کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔ جب کاسٹنگ کاؤچ کے سکینڈل کا خلاصہ کرنے کے لیے نیوز چینل نے شکتی کپور کے ارد گرد جال بُنا تھا تو شکتی کپور نے بالی وڈ کی کئی نامی گرامی ہستیوں پر بھی ایسے ’کارناموں‘ میں ملوث ہونے کا الزام لگا گئے تھے۔ چینل نے اپنے سٹنگ آپریشن میں جو دکھایا اس سے شکتی کپور کی بدنامی ہوئی ہے۔ انہوں نے جِن لوگوں کے نام لیے تھے وہ بھی شکتی سے خفا ہو گئے تھے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس کے لیے اداکاروں کا انتخاب شروع ہو چکا ہے۔ ’سیکس اینڈ سکینڈل‘ کے فلم ساز و ہدایت کار کے مطابق دِلی کے ارد گرد فارم ہاؤسوں میں ہائی سوسائٹی کی پارٹیاں ہوں یا گواء کی بیچ پر پرسنل پکنک، شکتی کپور ان سب کے چشم دید گواہ ہیں۔ اس لیے ان کے یہ تجربات کہیں نہ کہیں تو جھلکیں گے۔ شکتی کپور فل الوقت لندن میں ہیں۔ جولائی کے پہلے ہفتوں میں وہ اسکا سکرپٹ مکمل کر لیں گے اور اگست میں اس کی شوٹنگ شروع ہو جائے گی۔ دیپک وز کا ارادہ ہے کہ فلم کو اسی سال ریلیز کیا جائے ورنہ یہ معاملہ پرانا ہو جائے گا۔ |