ہیروئنیں محافظ رکھنے پر مجبور | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بولی وڈ اداکارائیں اب اپنی حفاظت کے لیے باڈی گارڈ ساتھ لے کر چلنے پر مجبور ہیں۔گزشتہ چند ماہ میں ایسے کئی واقعات ہوئے جس کی وجہ سے بعض اداکاراؤں نے اپنے ذاتی محافظ رکھے لیے ہیں۔ اب تک بولی وڈ میں فلمسازوں اور اداکاروں کو انڈر ورلڈ سے دھمکی ملنے کے بعد پولیس کی جانب سے تحفظ دیا جاتا رہا ہے ۔ امیتابھ بچن ،شاہ رخ خان ،سلمان خان ،راکیش روشن ،رتک روشن ، عامر خان ان سب کو پولیس کی جانب سے اسلحہ بردار محافظین دیے گئے ہیں لیکن اس کے علاوہ ان کے اپنے بھی ذاتی محافظ ہیں۔ سپر سٹار امیتابھ بچن کو تو زیڈ پلس سیکیورٹی دی گئی ہے جو ملک کی انتہائی اہم شخصیات کو دی جاتی ہے۔ اب تک کسی ہیروئین کو کسی طرح کی سیکیورٹی نہیں دی گئی تھی لیکن اب رفتہ رفتہ کئی ہیروئینیں سیکیورٹی گارڈ رکھنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔ کسی پروگرام میں شرکت کے دوران یا کسی ہوٹل میں ہیروئین کو دیکھ کر لوگ بے قابو ہو جاتے ہیں اور وہ انہیں نہ صرف چھونے کی کوشش کرتے ہیں بلکہ اکثر ان پر گرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کچھ تو بھیڑ کا فائدہ اٹھا کر ان کے جسم پر ’پِنچ‘ کرتے ہیں۔ ملکہ شیراوت کے ساتھ ایسا کئی مرتبہ ہوا۔ فلم ’مرڈر‘ کے بعد ان کا اکیلے باہر نکلنا محال ہوگیا تھا۔ ایک تقریب سے باہر نکلتے ہوئے بھِیڑ نےانہیں گھیر لیا اور ان سے بدتمیزی کی گئی جس کے نتیجہ میں اب ملکہ نے اپنے ساتھ کئی مکے باز رکھے ہیں جو ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ ملکہ جب گھر سے نکلتی ہیں تو سیکیورٹی ایجنسی کے کم از کم چھ مکے باز ان کے ساتھ ہوتے ہیں جن میں سے چار ان کے لیے راستہ بناتے ہیں اور دو ان کے ساتھ چلتے ہیں ۔ حال ہی میں میوزک البم کبھی آر کبھی پار کی اداکارہ میگھنا نائیڈو کو ممبئی میں ایک سنیما گھر کے باہر چند لڑکوں نےگھیر لیا اور بدتمیزی شروع کر دی۔ میگھنا کے ساتھ ان کا دوست بھی تھا۔ ہاتھا پائی کے بعد وہ لڑکے فرار ہو گئے اور میگھنا نے پولس میں شکایت درج کرائی لیکن اس واقعہ کے بعد میگھنا نے بھی ذاتی محافظ رکھ لیا ۔ پاکستانی اداکارہ میرا بھی جہاں جاتی ہیں ان کا ذاتی محافظ ان کے ساتھ ہوتا ہے۔ انہیں بولی وڈ کی فلم ’نظر‘ میں بوسے کا ایک منظر فلمانے کے بعد دھمکیاں ملی تھیں۔ ملکہ حسن ایشوریہ رائے بھی باڈی گارڈز کے ساتھ چلتی ہیں۔ انہوں نے سلمان خان کی وجہ سے باڈی گارڈز رکھے۔ بتایا جاتا ہے کہ فلم چلتے چلتے کے سیٹ پر ایشوریہ رائے اور شاہ رخ خان شوٹنگ کر رہے تھے کہ اس دوران سلمان وہاں پہنچ گئے اور کافی ہنگامہ کیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ فلم ایشوریہ کے ہاتھ سے نکل گئی اور اس میں رانی مکھرجی کو لے لیا گیا ۔اس کے بعد سے سلمان اور ایشوریہ کے تعلقات ہمیشہ کے لیے خراب ہو گئے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||