 |  ایمیلڈا سٹانٹن، کیٹ ونسلیٹ کے مقابلے میں بیفٹا لے گئیں |
ہالی وڈ کی بڑی فلم ’دی ایوی ایٹر‘ مقابلتاً کم پیسے سے تیار کردہ برطانوی فلم ’ویرا ڈریک‘ نے بیفٹا 2005 کے تمام اہم ایوارڈ حاصل کر لیے ہیں۔ دی ایوی ایٹر کو نہ صرف بہترین فلم کا اعزاز دیا گیا بلکہ اس میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی کیٹ بلانچیٹ کو بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ ویرہ ڈریک کے سلسلے میں مائیک لی کو بہترین ہدایتکار اور ایمیلڈا سٹانٹن کو سخت مقابلے کے باوجود بہترین اداکارہ کے ایواڈ سے نوازا گیا۔ فلم ’رے‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے جیمی فاکس نے بہترین اداکار جبکہ برطانوی اداکار کلائیو اوون نے فلم ’ کلوزر‘ میں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ جیتا۔ جیمی فاکس اور کلائیو اوون جنوری میں گولڈن گلوب ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم برطانوی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے دو مرتبہ نامزد ہونے کے باوجود بیفٹا حاصل نہ کر پائیں۔  |  کیٹ بلانچیٹ |
کلائیں اوون کو آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے رپورٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’انعامات کی یہ تقریبات میرے لیے ایک لحاظ سے بالک نئی ہیں کیونکہ میں نے اس سے پہلے کبھی کوئی ایوارڈ نہیں جیتا۔‘ کیٹ بلانچیٹ فلم ’الزبیتھ‘ میں مرکزی کردار نگاری کے حوالے سے 1999 میں بھی بیفٹا جیت چکی ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں ان کا کہنا تھا کہ ’بیفٹا حاصل کرنا میرے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔‘ دی ایوی ایٹر کو مجموعی طور پر چار بیفٹا دیئے گئے جن میں بہترین میک اپ اور بالوں کی بناوٹ کے علاوہ پروڈکشن ڈیزائن کے حوالے سے دیئے گئے ایوارڈ بھی شامل ہیں۔ |