ہالی وڈ اقوامِ متحدہ میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقوامِ متحدہ نے نیویارک میں واقع اپنے صدر دفاتر میں ایک فلم کی عکس بندی کی اجازت دے دی ہے جس میں ہالی وڈ کی اداکارہ نکول کڈمین اور شان پین مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق اس سے قبل ان دفاتر میں کبھی کسی فیچر فلم کی عکس بندی نہیں کی گئی۔ ’دی انٹرپریٹر‘ نامی اس فلم میں نکول کڈمین اقوامِ متحدہ کے ایک مترجم کا کردار ادا کریں گی جو ایک خطرناک منصوبے پر ہونے والی گفتگو سن لیتی ہیں۔ اس فلم کے ہدایت کار ’آؤٹ آف افریقہ‘ اور ’ٹوٹسی‘ نامی مشہور فلمیں بنانے والے سڈنی پولک ہیں۔ اقوامِ متحدہ کو اس کے دفاتر میں عکس بندی کے لئے کئی درخواستیں موصول ہوتی رہتی ہیں تاہم اب تک ہالی وڈ ان دفاتر میں اس مقصد کے لئے داخل ہونے میں ناکام رہا ہے۔ نکول کڈمین اس سے پہلے ’پیس میکر‘ نامی فلم میں بھی کام کر چکی ہیں جو اقوامِ متحدہ کے خلاف ایک بم حملے کی کہانی پر بنائی گئی تھی تاہم اس فلم میں صرف اس کے دفاتر کے باہر کی عکس بندی ہی کی جا سکی تھی۔ اقوامِ متحدہ کی ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری جنرل کوفی عنان اور ان کے مشیروں نے تنظیم کے حق میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس کی کارکردگی سینما بینوں کے سامنے آئے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ آیا کوفی عنان یا اقوامِ متحدہ کے کوئی دوسرے اہلکار فلم میں موجود دکھائی دیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||