| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ممبئی میں اداکارہ ریما کی زبردست پذیرائی
بالی وڈ آج کل ایک نئی ایشوریا رائے کے چکر کاٹ رہا ہے۔ معروف فلمی ستاروں سے لیکر کامیاب فلمسازوں اور ہدایت کاروں تک سبھی ان کے جلو میں نظر آرہے ہیں۔ یہ ہیں پاکستانی فلموں کی ہر دلعزیز اداکارہ ریما جنہیں ممبئی کے فلمی حلقوں میں پاکستان کی ایشوریا رائے کہا جا رہا ہے۔ فلمی دنیا کی چکا چوند، انٹرویوز اور فوٹو سیشن پاکستانی اداکارہ کے لئے کوئی نئی بات نہیں، لیکن بالی وڈ میں یہ ان کا پہلا تجربہ ہے۔ پہلی بار ہندوستان کا دورہ کرنے والی اداکارہ ریما کا کہنا ہے کہ پاکستان سے بھارتی عوام کے لئے امن کا پیغام لائی ہیں۔
ان کا خیال ہے کہ اگر دونوں ممالک کے فنکار مل جل کر کام کریں تو فریقین کے درمیان دوریاں کم ہو سکتی ہیں۔ ہندوستان میں ان کے پسندیدہ اداکاروں میں دلیپ کمار اور امیتابھ بچن شامل ہیں اور وہ ان دونوں کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں۔ ریما کا کہنا ہے کہ انہیں بالی وڈ میں اداکاری کی بہت پیشکش ہو رہی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ ان میں فن اداکاری اور رقص دونوں صلاحیتیں موجود ہیں اور ان کے بل بوتے پر وہ ہندوستان میں بھی پسند کی جائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں اچھے کردار کی پیشکش کی گئی تو وہ ہندی فلموں میں کام ضرور کریں گی۔ ریما کا کہنا ہے کہ انہیں بالی وڈ کی کئی معروف فلمی ہستیوں کے ساتھ ملنے کا موقع ملا ہے اور سب نے ہی ان کی بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔ ’جن لوگوں کو پتا چلا کہ میں یہاں آئی ہوئی ہوں، انہوں نے مجھے فون کیا اور بہت سے لوگوں نے بہت پیار سے اپنے گھر بلایا۔‘ ابھی تک ریما جن فلمی ہستیوں سے مل چکی ہیں ان میں ہدایت کار راکیش روشن، اداکار جتندر، مہیش بھٹ، پوجا بھٹ اور دلیپ کمار شامل ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||