| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کہیں بڑھاپا کہیں نکھار
مایہ ناز اداکار سر شون کونری نے پہلی بار ایک سکاچ وہسکی کی اشتہاری مہم میں حصہ لینے کی حامی بھر لی۔ سابق جیمز بانڈ اگرچہ اس سے پہلے ایک جاپانی وہسکی سنتوری کے اشتہار میں آ چکے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے انہوں نے ایک سکاچ وہسکی -- دیوار کی سپیشل ریزرو -- کی اشتہاری مہم میں شریک ہونے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ’دیوار کی سپیشل ریزرو‘ شراب بنانے والے ایک بہت بڑے ادارے بکارڈی کی پیشکش ہے۔ سر کونری جس اشتہار میں کام کر رہے ہیں وہ ’کچھ لوگ وقت کے ساتھ ساتھ بوڑھے ہو جاتے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کی شخصیت میں نکھار آتا ہے‘ کے بنیادی خیال کے گرد گھومتا ہے اور اسے آٹھ ملکوں میں دکھایا جائے گا جن میں برطانیہ اور امریکہ شامل نہیں ہیں۔ پینتالیس سیکنڈ کے دورانیے کا یہ اشتہار لبنان، یونان، میکسیکو، وینزویلہ، روس، تھائی لینڈ، پورٹو ریکو اور ڈومینک ریپبلک میں ٹی وی اور سنیما سکرین پر دکھایا جائے گا۔ یہ اشتہار انگریزی زبان میں ہے جبکہ اس ملک کی زبان میں ترجمہ اسکرین پر پڑھا جا سکے گا۔ شراب ساز کمپنی دیوار اینڈ سنز شون کونری کے اشتہار میں کام کرنے کی پیش کش قبول کرنے پر بہت خوش ہے۔ کمپنی کے گلوبل برانڈ ڈائریکٹر نیل بویڈ کا کہنا ہے کہ سر کونری ایک آزادانہ رائے رکھنے والی شخصیت ہیں اور دنیا بھر میں ان کی شحصیت کے اس پہلو سے تعریف کی جاتی ہے۔ سر شون کونری سکاٹش نیشنل پارٹی کے بہت بڑے حامی ہیں اور آج کل سپین کے ساحل پر واقع گھر میں رہ رہے ہیں۔ نوے کی دہائی کے آغاز میں سنتوری کے لئے ان کے اشتہار کو لیبر ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس موقع پر ان پر دوغلے پن کا الزام لگایا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||