’پاکستانی فنکار 48 گھنٹے میں انڈیا چھوڑ دیں‘

انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کی سخت گیر ہندو جماعت ایم این ایس یعنی مہاراشٹر نو نرمان سینا نے تمام پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں کو بھارت چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔
فلمی امور کے نگراں ایم این ایس کے رہنما امئي كھوپكر نے کہا ہے کہ ’ہم سب پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں کو بھارت چھوڑنے کے لیے 48 گھنٹے کا وقت دیتے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ اگر 48 گھنٹے کے اندر اندر پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں نے بھارت نہیں چھوڑا تو ایم این ایس ان کے خلاف سخت رویہ اپنائےگی۔
ایم این ایس کی جنرل سیکریٹری شالنی ٹھاکرے کہتی ہیں: ’اگر 48 گھنٹے میں پاکستانی آرٹسٹ بھارت نہیں چھوڑیں گے تو ایم این ایس انھیں باہر پھینک دے گی۔ یہ ہمارے ملک سے پیسے کما کر پاکستان کو ٹیکس بھیجتے ہیں اور اسی پیسے کے استعمال سے ہمارے لوگوں کو مار دیتے ہیں۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔‘

،تصویر کا ذریعہshalini
ایم این ایس کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی آرٹسٹ بھارت نہیں چھوڑیں گے تو یہاں ان کی شوٹنگ روک دی جائے گی اور بھارت میں ان کی فلمیں ریلیز نہیں ہونے دی جائیں گی۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں فلم سازوں کو بھی خط لکھ کر متنبہ کیا جا رہا ہے۔
گذشتہ ماہ ہی شیوسینا نے ممبئی میں پاکستانی غزل گلوکار غلام علی کے ایک پروگرام کی مخالفت کی تھی۔ اس کے بعد پروگرام منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے کے بھتیجے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جب بال ٹھاکرے نے اپنے بھتیجے کی جگہ اپنے بیٹے ادھو ٹھاکرے کو اپنا جانشین قرار دیا تو راج ٹھاکرے نے اپنی الگ پارٹی ایم این ایس قائم کر لی تھی۔







