بھارتی ریاست مہاراشٹر میں پاکستانی فلم کی ریلیز روک دی گئی

فلم پاکستان اور بھارت کے علاوہ دنیا کے دیگر سات ممالک میں بھی ریلیز کی جا رہی ہے۔
،تصویر کا کیپشنفلم پاکستان اور بھارت کے علاوہ دنیا کے دیگر سات ممالک میں بھی ریلیز کی جا رہی ہے۔
    • مصنف, حسن کاظمی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

بھارت کی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے احتجاج کے بعد ریاست مہاراشٹر میں پاکستانی فلم ’بن روئے‘ کی ریلیز روک دی گئی ہے۔

ایک طویل عرصے کے بعد کوئی پاکستانی فلم بھارت میں ریلیز کی جا رہی تھی تاہم فلم کے تقسیم کاروں نے حالات کے مدِنظر مہاراشٹر میں فی الحال اسے نہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی ٹی وی چینل ’ہم‘ کے ذیلی ادارے ایم ڈی فلمز کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ فلم پاکستان اور بھارت کے علاوہ دنیا کے دیگر سات ممالک میں بھی ریلیز کی جا رہی ہے۔

اس معاملے پر ’ہم فلمز‘ کے درید قریشی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں فلم کی ریلیز ملتوی ہونے پر افسوس ہوا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ بھارت کی صرف ایک ریاست میں ہے باقی پورے بھارت میں یہ فلم عید الفطر پر ہی ریلیز کی جا رہی ہے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ریاست مہاراشٹر میں بھی ’بِن روئے‘ ریلیز کر دی جائے گی۔

درید قریشی نے اس تاثر کو رد کیا کہ اس فلم پر بھارت یا مہاراشٹر کی حکومت کی جانب سے پابندی لگائی گئی ہے۔

انھوں نے وضاحت کی کہ اس فلم کے بھارت میں ڈسٹری بیوٹر ’بی فور یو‘ نے فی الحال اسے اس ریاست میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں سینیما مالکان نے بن روئے کی ریلیز روکے جانے کے فیصلے پر نکتہ چینی کی اور کہا ہے کہ ایسے فیصلے مستقبل میں بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہم ٹی وی کا ذیلی ادارہ ہی عید کے موقع پر پاکستان میں عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کا تقسیم کار ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service