’پاکستانی گلوگاروں کو بھارت میں پرفارم کرنے نہیں دیں گے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی
سخت گیر ہندو قوم پرست جماعت شیو سینا کے کارکنوں نے ممبئی پریس کلب میں منگل کو پاکستانی صوفی گلوکاروں کی نیوز کانفرنس کے دوران ہنگامہ اور توڑ پھوڑ کی۔
شیو سینا پاکستانی فنکاروں کو واپس پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کر ہی ہے۔
میکال حسن نامی ایک پاکستانی میوزک بینڈ کے فنکار بھارتی گروپوں کے ساتھ بعض مقامات پر موسیقی کے پروگرام دینے والے تھے۔
پاکستانی گروپ نے اپنے پروگرام کا اعلان کرنے کے لیے ممبئی پریس کلب کا ہال کرائے پر لیا تھا۔ جیسے ہی نیوز کانفرنس شروع ہونے والی تھی اسی وقت شیو سینا کے 50 کارکن ہاتھوں میں پارٹی کا پرچم لیے پاکستان مخالف نعرے لگاتے ہوئے اچانک اندر داخل ہوئے اور نیوز کانفرنس روک دی۔
شیو سینا کے ایک کارکن نے کہا ’ ہم پاکستان کے گلوکاروں کو یہاں پرفارم نہیں کرنے دیں گے۔ کیا ہمارے یہاں گلوکار نہیں ہیں؟ ‘۔
ایک دوسرے کارکن نے کہا ’پاکستان نے بھارت کے خلاف پس پردہ جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ ہم پاکستانیوں کو یہاں نہیں آنے دیں گے ان کو فوراً پاکستان واپس بھیجا جائے۔‘
اس سے قبل پیر کو شیو سینا نے اپنے اخبار ’سامنا‘ میں شائع ایک مضمون میں میکال حسن گروپ کو دھمکی دی تھی کہ وہ بھارت سے واپس چلا جائے۔
پاکستانی گروپ کو یہ وارننگ بھی دی گئی تھی کہ انھیں بھارت میں پرفارم نہیں کرنے دیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شیو سینا کے کارکنوں کی اس یلغار میں پاکستانی فنکاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے لیکن ممبئی پریس کلب کے صدر گردیپ سنگھ نے کہا ’شیو سینا کے ہنگامے کے دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور اس نے شیو سینکوں کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔‘
گردیپ سنگھ نے اس ہنگامہ آرائی کی سخت مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی گروپ نے نیوز کانفرنس کے لیے کانفرنس روم کرائے پر لیا تاہم یہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ اس نیوز کانفرنس کے انعقاد کو یقینی بناتی۔
تازہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے بعض شیو سینکوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔
خِیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب شیو سینا نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی آمد کی مخالفت کی ہے اس سے پہلے بھی وہ اسی طرح فلم کی شوٹنگ، سیٹوں اور لائیو پروگراموں میں ہنگامہ آرائی کر چکے ہیں۔







