’مجھ سے شادی کروگی‘ پسندیدہ فلموں میں سے ایک: پرینکا

،تصویر کا ذریعہGetty
انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ سنہ 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ ان کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک ہے۔
ڈیوڈ دھون کی ہدایت میں بنی اس فلم میں ان کے ساتھ سلمان خان اور اکشے کمار ہیں۔ جبکہ ان کے والد کا کردار امریش پوری نے ادا کیا ہے۔
انھوں نے انسٹا گرام پر اس فلم کا پوسٹر پوسٹ کرتے ہوئے فلم سے متعلق تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے لکھا: ’مجھ سے شادی کروگی کو 12 سال ہو چکے ہیں اور اب تک یہ میری پسندیدہ فلموں میں ہے۔ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنھوں نے اسے پسند کیا۔ سلمان، اکشے، ڈیوڈ سر، امریش پوری اور اس میں شامل تما افراد کا شکریہ۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
بہر حال 34 سالہ پرینکا چوپڑہ نے اس فلم کے 12 سال گزرنے کے بعد اب تک اپنی شادی کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
حال ہی میں پیرس میں جاسوسی سیریز ’کوانٹیکو‘ کی دوسری سیریز کے پروموشن کے دوران جب ان سے شادی کے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا: ’مجھے ابھی بھی مناسب شخص کی تلاش ہے اور یہ بات اہم ہے۔‘
سابق مس ورلڈ پرینکا چوپڑہ ان دنوں ’کوانٹیکو‘ کی کے علاوہ اپنی پہلی ہالی وڈ فلم ’بے واچ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو کہ ستمبر میں شروع ہو رہی ہے۔

اس کے علاوہ وہ اپنے موسیقی کے شوق کو بھی زندہ رکھنا چاہتی ہیں تاہم انھوں نے کہا کہ دو کریئر کو دو براعظموں پر سنبھالنا بہت مشکل ہے۔ خیال رہے کہ انھوں نے پہلی بار سنہ 2012 میں اپنا سنگل ریکارڈ کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے ریپ ڈاٹ کام کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: ’دو کریئر کو دو براعظموں پر سنبھالنا خاطر خواہ مشکل کام ہے۔ کوانٹیکو کے درمیان میں نے ہندی فلم باجی راؤ مستانی کی شوٹنگ کی جو کہ دسمبر میں ریلیز ہوئی اور میری ہالی وڈ فلم بے واچ آئندہ سال ریلیز ہو رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
’میں نے کوانٹیکو سیزن ون کے دوران ان دونوں کے لیے شوٹنگ کی ہے اور اسی لیے ان سب کے درمیان سٹوڈیو میں جا کر موسیقی تیار کرنا بہت مشکل ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ انھیں موسیقی سے اور موسیقار دونوں سے پیار ہے اور آئندہ وہ اس کے لیے بھی وقت نکالیں گی۔
پرینکا چوپڑہ کو ’کوانٹیکو‘ کے لیے اعزاز دیا گیا ہے وہیں ’باجی راؤ مستانی‘ کے لیے بھی انھیں بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty







