’سلمان کی بریانی کا انتظار، میری عید خراب نہ کریں‘

،تصویر کا ذریعہcrispy bollywood
عید کے موقع پر بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان صحافیوں سے مخاطب ہوئے اور کئی چیزوں سے متعلق بات چیت کی لیکن انہوں نے ایسا کوئی بھی سوال نہ پوچھنے کو کہا جس سے ان کی ’عید خراب ہو جائے۔‘
بات چیت کے دوران ایک صحافی نے ان سے ڈھاکہ سمیت حالیہ شدت پسند حملوں کے تعلق سے مذہبی شدت پسندی کے بارے میں سوال کیا۔
اس پر شاہ رخ خان نے کہا: ’پچھلی بار میری سالگرہ پر صحافیوں اور ٹی وی والوں نے میری چھوٹی سی بات کا بتنگڑ بنایا تھا۔ میں نے جو بات کی تھی، اچھی بات کی تھی، مہذب بات کہی تھی۔ لیکن اسے غلط طریقے سے پیش کیا گيا۔۔۔اس لیے اب ایسے سوال پوچھ کر میری عید مت خراب کرو، پلیز۔‘
اس وقت شاہ رخ نے ملک میں بڑھنے والی عدم رواداری پر بات کی تھی جس کی وجہ سے دائیں بازو کے خیالات رکھنے والے ایک طبقے کی جانب سے ان پر زبردست نکتہ چینی ہوئی تھی۔

عید کے موقع پر ہونی والی بات چيت میں سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ اور عامر خان کی آنے والی فلم ’دنگل‘کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ وہ کشتی پر کوئی بھی فلم نہیں کرنا چاہتے ہیں۔
شاہ رخ نے کہا: ’یہ دونوں (سلمان عامر) بہت ہیں۔ پوری طرح سنبھال لیں گے۔ میں تو محبت کرنے والا شخص ہوں۔ کشتی تو مجھے آتی نہیں ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عید کے موقع پر وہ سلمان خان کے گھر سے آنے والی بریانی کا انتظار کرتے ہیں۔
شاہ رخ خان نے کہا: ’سلمان خان کے گھر کا کھانا بہت اچھا ہوتا ہے۔ وہاں بہت سے پکوان بنتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عید کے موقع پر وہ سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ ایک جگہ پر ملنے کا پروگرام طے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’ہم کوشش کرتے ہیں کہ ایک جگہ طے کر لیں جہاں ہم تینوں مل کر بریانی کھا سکیں۔‘







