سلمان خان کی شادی، افواہ یا حقیقت؟

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
ہر ہفتے بالی وڈ ڈائری میں کسی نہ کسی طرح معروف اداکار سلمان خان کا ذکر آ ہی جاتا ہے لیکن مجبوری ہے کیا کریں کیونکہ سلمان ایسا کچھ نہ کچھ کر ہی دیتے ہیں کہ خبر بن جاتی ہے۔
٭ <link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2016/05/160514_bollywood_roundup_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
اب اس ہفتے ان کی شادی کا شگوفہ اٹھا ہے۔ ویسے تو سلمان کی شادی کی خبر اور خواہش ہمیشہ ہی ان کے مداحوں، اخبارات اور میڈیا کا پسندیدہ موضوع رہا ہے۔
اب اگر کوئی حسینہ ان کے یا ان کے گھر والوں کے ارد گرد بھی نظر آجائے تو میڈیا میں شہنائیاں بجنے لگتی ہیں۔
ہوا یوں کہ سلمان کی دوست جولیا وینتور جن کا تعلق رومانیہ سے ہے چند دن پہلے سلمان خان اور ان کے گھر والوں کے ساتھ ایئر پورٹ پر نظر آئیں جہاں انھوں نے سلمان کی والدہ کا ہاتھ بڑی محبت سے تھام رکھا تھا اب اس منظر نے میڈیا کو ایک بار پھر شادیانے بجانے کا موقع دے دیا۔
میڈیا نے تو ایسی خبریں بھی دینی شروع کر دیں کے سلمان رواں ہفتے اپنی قریبی دوست پریتی زنٹا کی شادی کی پارٹی میں جولیا کے ساتھ رشتے کا اعلان کرنے والے ہیں۔
اب دیکھنا ہے کہ یہ خبر ایک بار پھر افواہ ثابت ہوتی ہے یا پھر واقعی سلمان خان نے عمر کے اس حصے میں گھر بسانے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے۔
بایوپکس کا دور

،تصویر کا ذریعہdharmaproduction
اس وقت بالی وڈ میں بائیو پکس کا دور ہے۔ ہر فلم ساز کسی نے کسی بڑی شخصیت پر فلم بنانے کی تیاری میں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رواں ہفتے کرکٹر اظہر الدین پر مبنی فلم ریلیز ہوئی ہے جس میں عمران ہاشمی نے اظہر کا کردار نبھایا ہے۔
مہندر سنگھ دھونی پر فلم بن رہی ہے اس کے علاوہ فلم ’دنگل‘، فلم ’سلطان‘ بھی شخصیت پر مبنی فلم ہے۔
اب تو اپنے زمانے کی معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے بھی کہہ دیا ہے کہ ان کے شوہر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان پٹودی کی زندگی پر بھی فلم بنائی جانی چاہیے۔
شرمیلا ٹيگور کو چاہیے کہ وہ یہ مشورہ اپنے صاحبزادے سیف علی خان کو ضرور دیں لیکن اس ہدایت کے ساتھ کہ خدا کے واسطے نواب منصور علی خان پٹودی کا رول وہ خود نہ نبھائیں ورنہ ان کی روح کو تکلیف پہنچنے کا امکان ہے۔
عرفان ہیروئن، کنگنا ہیرو

اداکار عرفان خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ خاصے خاموش طبیعت ہیں، اپنے کام کے بارے میں بھی بہت سنجیدہ ہیں اور یہ بات ان کے فلمی کریئر کا گراف دیکھ کر بھی سمجھ میں آتی ہے۔
شاید اسی لیے وہ اتنی جلدی نہ صرف بالی وڈ بلکہ ہالی وڈ میں بھی اپنے قدم جمانے میں کامیاب رہے ہیں۔
حال ہی میں انھوں نے دو دلچسپ انکشافات کیے۔ یا یوں کہا جائے کہ خواہشات ظاہر کی ہیں ایک تو انھوں نے کہا ہے کہ وہ اب رومانٹک رولز کرنا چاہتے ہیں حالانکہ وہ انڈسٹری کی دو بڑی ہیروئنز کے ساتھ ہلکا پھلکا رومانس کر کے دیکھ چکے ہیں فلم ’پیکو‘ میں دپیکا پادوکون اور فلم ’جذبہ ‘ میں ایشوریہ رائے کے ساتھ۔
لیکن وہ کہتے ہیں نہ کہ ’ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں‘۔
ان کی دوسری خواہش کنگنا راناوت کےساتھ فلم کرنے کی ہے جس میں وہ بطور ہیروئن کام کرنا چاہیں گے لیکن شرط یہ کہ کنگنا فلم کی ہیرو ہوں۔ لگتا ہے عرفان بھائی بھی رتک کی طرح عدالت کے چکر لگانے کے خواہش مند ہیں۔
سلمان کا وعدہ

،تصویر کا ذریعہSpice PR
ویسے سلمان کے بارے میں ایک بات اور مشہور ہے کہ جب وہ کوئی وعدہ کر لیتے ہیں تو خود کی بھی نہیں سنتے اور شاید انھوں نے اپنے دوست آدتیہ پنچولی سے ان کے بیٹے سورج پنچولی کی نّیا کسی نہ کسی طرح پار لگانے کا وعدہ کر لیا ہے۔ پچھلے سال ہی انھوں نے سورج کو فلم ’ہیرو‘ سے لانچ کیا تھا۔
سلمان کے پروموشن کے بعد فلم دیکھنے کے لیے کچھ بھیڑ جمع تو ہوئی لیکن سورج کو ہیرو نہیں بنا سکی۔
اب سلمان خان نے سورج کے لیے ایک اور فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ہدایت کار سنجے منجھریکر ہوں گے۔ سلمان نے سنجے سے کہا ہے کہ وہ سورج کو ذہن میں رکھ کر فلم لکھیں۔لگتا ہے سلمان نے بھی اپنی غلطیوں سے نہ سیکھنے کی قسم کھا رکھی ہے۔
کانز فلم فیسٹیول

،تصویر کا ذریعہAFP
فرانس میں فلموں کا میلہ شروع ہو چکا ہے 69 کانز فلم فیسٹیول میں بالی وڈ کے ستارے بھی چمکنے لگے ہیں جس میں اداکارہ ایشوریہ رائے پیش پیش رہتی ہیں اوراس میلے میں گذشتہ 15 سالوں سے انڈیا کی نمائندگی رہتی ہے۔
ایشوریہ کے بعد ملیکا شیراوت، سونم کپور اور قطرینہ کیف بھی ریڈ کارپیٹ پر چلنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
ویسے یہ فلم فیسٹیول کم اور فیشن شو زیادہ لگنے لگا ہے۔ بالی وڈ کی شرکت صرف فلموں کی نمائش کی حد تک محدود نہیں ہے۔
ہماری ہیروئنز کے درمیان ملبوسات، سٹائل اور میک اپ کا مقابلہ زیادہ اہم لگتا ہے جس کی وجہ سے بڑے بڑے فیشن ڈیزائنرز بھی اپنا کاروبار چمکانے کی دوڑ میں لگ جاتے ہیں۔
اس بار بھی فلموں سے زیادہ ایشوریہ، سونم اور ملیکا شیراوت کے کپڑوں کا ذکر زیادہ اور ان کی فلموں کی بات کم کی جا رہی ہے۔







