’دل والے بدترین فلم، سونم اور رنبیر برے اداکار‘

سونم کپور اور رنبیر کپور کو گھنٹا ایوارڈ میں بدترین ادکارہ اور اداکارہ کے لیے نامزد کیا گيا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنسونم کپور اور رنبیر کپور کو گھنٹا ایوارڈ میں بدترین ادکارہ اور اداکارہ کے لیے نامزد کیا گيا ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی ووڈ میں ایوارڈز کی بھر مار ہے جن میں آئیفا، فلم فیئر، جیما، سٹارڈسٹ اور ذی سینے، جیسے ایوارڈز شامل ہیں اور ہر اداکار ایوراڈز حاصل کر کے فخر محسوس کرتا ہے۔

لیکن ایک ایوارڈ ایسا بھی ہے جس کی نہ تو کسی کو خواہش ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی اس ایوارڈ پر فخر محسوس کرتا ہے۔

٭ <link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2016/04/160423_bollywood_roundup_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

ہوا یوں کہ اس بار شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے‘ اور رنبیر کپور کی ’بامبے ویلویٹ‘ اس سال کی بد ترین فلموں کے طور پر نامزد ہوئیں۔ سونم کپور کو فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ میں جبکہ رنبیر کپور کو فلم بامبے ویلویٹ میں بدترین اداکاری کے لیے نامزد کیا گیا۔

گھنٹا ایوارڈ سنہ 2010 میں شروع کیے گئے تھے جس میں عام لوگ آن لائن ووٹ دیتے ہیں۔

ویسے جس طرح اچھی فلموں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈ دیے دینا ضروری ہے اسی طرح بری فلموں کے چلن کو روکنے کا یہ طریقہ بھی برا نہیں ہے۔

عمران ہاشمی متنازع فلموں کے آفر پر حیران

عمران ہاشمی اور متنازع فلمیں

،تصویر کا ذریعہSpice PR

،تصویر کا کیپشنعمران ہاشمی اور متنازع فلمیں

کرکٹر اظہر الدین کی زندگی پر مبنی فلم ’اظہر‘ میں ان کا کردار کرنے والے اداکار عمران ہاشمی کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ انھیں میچ فکسنگ پر فلمیں کیوں ملتی ہیں۔ اس سے پہلے عمران نے فلم جنت میں بھی ایک بُکی کا کردار نبھایا تھا۔

عمران کہتے ہیں کہ کرکٹ سبھی کو بہت پسند ہے لیکن ہم اسے ایک کھیل کی طرح دور سے دیکھتے ہیں لیکن کھلاڑیوں کے آپس کے تعلقات، لاکر روم کی باتیں، ان کی دوستیاں، جھگڑے ان سب سے واقف نہیں ہوتے۔ اس فلم میں اظہر کی زندگی کے ساتھ ساتھ ان سب کی تھوڑی تھوڑی جھلکیاں ملیں گی۔

فلم میں اظہر الدین کی پہلی بیگم نورین کےکردار میں پراچی ڈیسائی جبکہ دوسری بیگم سنگیتا بجلانی کے کردار میں نرگس فخری نظر آئیں گی۔

اب عمران کہتے ہیں کہ انھیں کونٹرو ورسیز پر ہی فلمیں کیوں ملتی ہیں۔ ویسے یہ تو سونے پر سہاگہ ہے کچھ کہانیاں کونٹروروسیز پر ہوتی ہیں اور کچھ سنسنی آپ پھیلا دیتے ہیں جو ہٹ فلم کا کامیاب فارمولہ ہے۔

ایک ہی کہانی کو تین بار بیچنے کا سیلقہ

ساجد اب ہاؤس فل تھری کی تیاری میں مصروف ہیں

،تصویر کا ذریعہhousefull 2

،تصویر کا کیپشنساجد اب ہاؤس فل تھری کی تیاری میں مصروف ہیں

فلمساز ساجد خان اب ’ہاوس فل تھری‘ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ فلم کا پہلا پوسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں اداکاروں کی تعداد فلم کے نام کی طرح ہی ہے۔

فلم میں اکشے کمار کے ساتھ ابھشیک بچن اور رتیک دیش مکھ ہیں۔ اب ظاہر ہے تین ہیروز کے ساتھ تین ہیروئنوں کی ضرورت بھی ہوگی اور اس کے لیے جیکلین فرنانڈیز، نرگس فخری اور لیسا ہیڈن ہیں۔

ویسے ساجد خان کی ہمت کی داد دینی پڑے گی کہ ایک ہی کہانی وہ تین بار بیچ چکے ہیں۔ اس سے پہلے ’ہاوس فل ون‘ اور ’ہاؤس فل ٹو‘ کی کہانی میں صرف زیر اور زبر کا ہی فرق تھا۔

اب دیکھتے ہیں کہ اس بار بھی کیا ساجد پرانے پرنٹ کو نئے نام کے ساتھ بازار میں لے کر آئیں گے؟

رتک اور کنگنا کے جھگڑے سے اب تماش بین بھی بور

رتک روشن اور کنگنا راناوت کے درمیان جھگڑے کے بعد اب قانونی چارہ جوئی جاری ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنرتک روشن اور کنگنا راناوت کے درمیان جھگڑے کے بعد اب قانونی چارہ جوئی جاری ہے

رتک روشن اور کنگنا رناوت کا جھگڑا ہے کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

دونوں ہی وقفے وقفے سے اپنے جھگڑے کو نئی بلندیوں پر لے جاتے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف الزامات اور جوابی الزامات لگاتے ہیں۔

اب کنگنا کے وکیل کا کہنا ہے کہ ’رتک روشن مبینہ طور پر کنگنا کا اکاؤنٹ ہیک کر رہے تھے ادھر رتک کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ یہ ثابت کریں گے کہ رتک اور کنگنا کے درمیان کوئی رشتہ تھا ہی نہیں۔

میڈیا میں رتک کے نام کنگنا کے کچھ ای میلز بھی شائع ہوئے ہیں۔ اب دونوں کے درمیان رشتہ تھا یا نہیں یہ تو بعد کی بات ہے لیکن اس مبینہ رشتے پر یہ جھگڑا ایک تماشے میں تبدیل ہو چکا ہے جس کے تماشائی بھی اب بور ہوتے نظر آ رہے ہیں۔