سلمان کا کندھا، قطرینہ کی ہاں اور رنبیر کی نہ
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
سلمان خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جہاں وہ ایک طرف انتہائی فراخ دل انسان ہیں وہیں وہ یاروں کے یار ہیں اور رشتے نبھانے میں بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ کبھی وہ انوشکا اور وراٹ کے درمیان صلح کراتے ہیں تو کبھی کترینہ کو رونے کے لیے کندھا دینے کے ساتھ ساتھ ایک عدد نئی فلم بھی دیتے ہیں۔ خبریں ہیں کہ ان کے دوست ساجد ناڈیاڈ والا ایک کامیاب تمل فلم کا ہندی ورژن بنا رہے ہیں جس میں سلمان کترینہ کو سائن کرنے والے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہYashraj Films
اب سلمان کے بھائی ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائیکہ اروڑہ خان کے درمیان بات طلاق تک جا پہنچی ہے وجہ جو بھی رہی ہو کئی دن سے ان کے علیحدہ ہونے کی خبروں پر قیاص آرائیوں اور خبروں کا سلسلہ جاری تھا اب کہا جا رہا ہے کہ سلمان کے سمجھانے پر دونوں نے طلاق کے فیصلے کو فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔ اب اگر ان کی دریا دلی کی بات کی جائے تو اس کا بھی کوئی ٹھکانا نہیں کہ سلمان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ دیکھ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے والی جس ننھی بچی کی ویڈیو فیس بک پر وائرل ہوئی تھی اب وہ سلمان کی فلم ’سلطان‘ میں انوشکا شرما کے بچپن کا رول کرنے والی ہے۔ سلمان کو لگتا ہے کہ اس بچی کی شکل انوشکا سے ملتی ہے۔ اب اسی لیے تو لوگ انھیں کبھی بھائی، تو کبھی دبنگ یا پھر رابن ہڈ کہتے ہیں۔
قطرینہ کیف رنبیر کو منانے میں لگی ہیں

،تصویر کا ذریعہpr
اداکار رنبیر کپور اور قطرینہ کیف کے بریک اپ کے بارے میں کافی کچھ کہا جاتا رہا ہے۔ حالانکہ دونوں ہی نے کھل کر کبھی بھی اس بات کا اعتراف نہیں کیا کہ ان دونوں کے درمیان ایسا کوئی رشتہ ہے لیکن ایسے بے شمار اشارے ضرور دیے جس سے یہ ظاہر ہوا کہ دونوں کے درمیان نزدیکیاں ہیں لیکن ان کے بارے میں تازہ خبر ان کے فینز کا دل ضرور توڑ دےگی۔ حال ہی میں خبریں شائع ہوئی تھیں کہ قطرینہ اس رشتے کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں اور رنبیر اور قطرینہ کی دوست آرتی شیٹی کے گھر ہونے والی پارٹی میں انہوں نے رنبیر سے بات کی اورکہا کہ وہ اس رشتے کو ایک اور موقع دیں لیکن رنبیر نے صاف کہہ دیا کہ وہ اب زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں اور ان کے لیے بھی یہی بہتر ہوگا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
مایوس قطرینہ نے ہار نہیں مانی اور اتوار کو کرینہ کپور کی فلم ’کا اینڈ کی ‘ کامیابی کی پارٹی میں جا دھمکیں خبروں کے مطابق پارٹی میں موجود لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب ایک بار پھر انھوں نے رنبیر کو منانے کی کوشش کی لیکن رنبیر نے انتہائی سرد مہری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر انکار کر دیا۔ لگتا ہے کہ قطرینہ نے ہریتک اور کنگنا کے تنازع سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔
اب کوئی قطرینہ کو سمجھائے کہ ’وہ افسانہ جسے انجام تک لانا نہ ہو ممکن، اسے ایک خوبصورت موڑ دیکر چھوڑنا اچھا۔‘
امیتابھ فیملی ٹوئٹر پر سرگرم کیوں ہے

،تصویر کا ذریعہGetty
بالی ووڈ بادشاہ امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر پر خاصے سرگرم ہیں اور اکثر اپنے دکھ سکھ کا اظہار ٹوئٹر پر کیا کرتے ہیں جمعرات کو انھوں نے اس ہفتے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ لوگ فلم سٹارز سے محبت کریں یا نفرت دونوں ہی چیزیں ان کے لیے اہم ہیں کیونکہ اس سے ہمیں آگے بڑھنے کی تحریک ملتی ہے۔ ویسے کچھ سمجھ میں نہیں آیا کہ پاناما لیکس کے بعد ہی انھیں اس بات کا اتنی شدت سے احساس کیوں ہوا ہے۔ اسی ہفتے ایک اور دلچسپ خبر نظروں سے گزری کہ جونیئر بچن میرا مطلب ہے کہ ابھشیک بچن کو ٹوئٹر پر نو کروڑ سے زیادہ لوگ فالو کرنے لگے ہیں اور انھوں نے لوگوں کا شکریہ ادا بھی کیا۔ کیا بات ہے ابھشیک کاش اتنے سارے لوگوں نے ملکر آپ کی فلمیں ہی دیکھ لی ہوتیں تو شاید آپ ٹوئٹر کے لیے اتنا وقت نہ نکال پاتے۔ کیا بات ہے بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ۔



