اداکار مذاق بن کر رہ گئے ہیں: کرینہ کپور

،تصویر کا ذریعہGetty
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’کی اینڈ کا‘ کی پروموشن میں دن رات اس قدر مصروف ہیں کہ انھیں اپنے اور اپنے اہل خانہ کے لیے وقت ہی نہیں مل پا رہا ہے۔
اس سے پریشان ہوکر کرینہ کہتی ہیں: ’اب تو ایسا لگتا ہے کہ اداکار اب اداکار ہی نہیں رہے بلکہ وہ اب ایک مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔‘
’کی اینڈ کا‘ کی پروموشن کے دوران بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں کرینہ نے کہا: ’آج کل کچھ زیادہ ہی پروموشن ہوتے ہیں۔ فلم کے لیے ایک شہر سے دوسرے شہر، کبھی اس پروگرام میں ناچنا تو کبھی اس پروگرام میں جانا۔ پہلے بھی فلمیں بنتی تھیں ان کا پروموشن بھی نہیں ہوتا تھا اور وہ فلمیں بہت چلتی تھیں لیکن آج کل جتنا چاہے پروموشن کر لو اس کے بعد بھی فلمیں نہیں چلتی ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
اپنی بات پر زور دیتے ہوئے انھوں نے مزید کہا: ’پہلے کے فنکاروں کے لیے لوگوں کے دلوں میں عزت ہوا کرتی تھی، لیکن آج کل کے فنکاروں کے لیے وہ عزت ہی نہیں رہی۔ پہلے لوگ اپنے پسندیدہ اداکار یا اداکارہ کو ایک نظر دیکھنے کے لیے تڑپا کرتے تھے لیکن اب تو آرٹسٹ خود ہی اپنی باتھ روم کی تصویر سے لے کر نہ جانے کون کون سی تصاویر سوشل ویب سائٹوں پر ڈالتے ہیں۔‘
جہاں بالی وڈ میں کام کرنے والی شادی شدہ اداکاراؤں کو یہ شکایت رہتی ہیں کہ شادی کے بعد انھیں اچھے کردار ملنے قدرے مشکل ہوجاتے ہیں وہیں کرینہ کپور اسے مسترد کرتے ہوئے کہتی ہیں، ’میری شادی کو کافی وقت ہو گیا ہے اور میں شادی کے بعد بھی فلمیں اور آئیٹم سانگ کر رہی ہوں اور اس کا کریڈٹ میں اپنے شوہر سیف علی خان کو دینا چاہوں گی۔‘

،تصویر کا ذریعہUniversal PR
انھوں نے کہا، ’اگر سیف کی رضامندی نہیں ہوتی تو میں ایسا کبھی نہیں کر پاتی۔ میری خواہش ہے کہ میرا کریئر زہرہ سہگل جیسا ہو۔ میں 80 سال کہ عمر میں بھی کیمرے کے سامنے رہنا چاہتی ہوں۔‘
کرینہ فلموں کے علاوہ آئٹم سانگ میں بھی نظر آتی رہی ہیں۔ فلمیں ملنے کے باوجود وہ آئیٹم سانگ کیوں کرتی ہیں؟ اس سوال پر کرینہ کہتی ہیں کہ، ’میں 16 سال کی عمر سے فلموں میں کام کر رہی ہوں اور اتنے سالوں میں میرے بہت سے دوست بنے ہیں اور اگر وہ مجھ سے اپنی فلم میں آئٹم نمبر کروانا چاہتے ہیں تو میں اپنے دوستوں کو انکار نہیں کر پاتی، اس لیے کر دیتی ہوں اور ویسے بھی ایک عورت کے 100 روپ ہوتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہRaindrop media
انھوں نے کہا، ’صرف ایک روپ ہونا اچھا نہیں ہیں اس لیے کبھی آئٹم سانگ کرنا اچھا ہوتا ہے تو کبھی کچھ اور جو مجھے پسند ہے میں وہ کرتی ہوں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم ’کی اینڈ کا‘ میں ارجن کپور ایک گھریلو اور خانہ دار شوہر کا کردار ادا کر رہے ہیں، تو ان کی اہلییہ کرینہ کپور ایک کریئر پسند خاتون کے کردار میں ہیں۔ فلم یکم اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔







