جنسی تعصبات پر کوئی بات نہیں کرتا: کرینہ

،تصویر کا ذریعہRaindrop Pr
بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان کا کہنا ہے کہ کوئی جنسی عدم مساوات اور تعصبات کے مسئلے پر بات نہیں کرتا۔
بھارتی خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو ابھی تک مرکزی حیثیت حاصل نہیں کر سکا ہے۔
وہ ہدایت کار آر بالکی کی فلم ’کی اینڈ کا‘ میں اداکاری کر رہی ہیں اور اس فلم میں وہ ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کہ نوکری پیشہ ہے جبکہ اس کا شوہر امور خانہ داری کا ذمہ دار ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق کرینہ کپور نے کہا: ’آج بہر حال خواتین ہر شعبے میں ہیں، وہ سربراہی بھی کر رہی ہیں اور آج وہ یقیناً 20 سال پہلے کے تناظر میں زیادہ آزاد اور خود کفیل ہیں۔‘
اس فلم میں کرینہ کے شوہر کا کردار اداکار ارجن کپور ادا کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہRaindrop Pr
انھوں نے کہا کہ اپنی آنے والی فلم کے کردار کو حقیقی اور قابل یقین بنانا ان کے لیے ایک چیلنج تھا۔
35 سالہ اداکارہ کرینہ کپور نے کہا: ’یہ فلم جنسی تعصبات کے سبب بہت مختلف ہے۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جسے کوئی حل کرنا نہیں چاہتا۔ اس میں ایک شوہر ہے جو گھر پر رہتا ہے اور ایک بیوی ہے جو کام کرنا چاہتی ہے۔‘
’بجرنگی بھائی جان‘ جیسی کامیاب فلم میں کام کرنے والی اداکارہ نے کہا: ’میں نے اس فلم میں ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جسے دیکھ کر ناظرین کو عجیب نہیں لگے گا۔ جب آپ کوئی کردار ادا کرتے ہیں تو آپ کا جسم اس طرح سے برتاؤ کرنے لگتا ہے۔ چاہے آپ فٹبالر یا باکسر کا کردار ادا کریں آپ کے بال کے انداز اور آپ کے کپڑے اسے ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن اس فلم میں ایک عام لڑکی کا کردار نبھانا اور یہ بتانا کہ وہ حوصلہ مند ہے میرے خیال میں بہت مشکل تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہ Raindrop Pr
کرینہ کپور نے کہا کہ جب انھوں نے اس فلم کی کہانی سنی تو بغیر کسی تردد کے اس کے لیے ہاں کر دی اور ہدایت کار آر بالکی سے کہا کہ ’سر اس کا انجام سننے کی ضرورت نہیں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے شوہر سیف علی خان کی اس فلم کے شوہر کے کردار سے کوئی مماثلت ہے تو انھوں نے کہا کہ ’ایسا نہیں ہے۔ ہم دونوں ایک ہی پیشے میں ہیں اور دونوں ہی کام کرتے ہیں۔ لیکن مجھے نہیں لگتا کہ سیف کو گھر پر ذرا آرام کرنے میں کوئی پریشانی ہوگی۔‘
یہ فلم یکم اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔







