’قابلیت دیکھیں، یہ نہیں کہ عورت ہے یا مرد‘

بالی وڈ کے نوجوان اداکار ارجن کپور کا کہنا ہے کہ خواتین خانہ کو اکثر گھر سنبھالنے والی کہا جاتا ہے لیکن وہ در اصل صرف ایک گھر سنبھالتی نہیں بلکہ اسےگھر جیسا بناتی ہیں۔
اپنی آنے والی فلم ’کی اینڈ کا‘ کے ٹریلر لانچ کے موقعے پر ارجن کپور نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا: ’ایک گھریلو خاتون کو اکثر لوگ کہہ دیتے ہیں کہ تم تو صرف گھر پر بیٹھی رہتی ہو، لیکن وہی ہیں جو اصل میں گھر کو گھر بنائے رکھتی ہیں۔
آر بالكي کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’کی اینڈ کا‘ میں ارجن کپور ایک ایسے انسان کا کردار ادا کر رہے ہیں جسے کام پر جانا پسند نہیں بلکہ وہ گھر کا کام کرنا زیادہ پسند کرتا ہے۔
ان کے مقابل فلم میں کرینہ کپور ایک پرعزم خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

ارجن مزید کہتے ہیں: ’آپ کو کسی چیز کی کمی نہ ہو اس کے لیے ایک گھریلو خاتون خود کتنی قربانی دیتی ہے۔ وہ اپنی خوابوں کو چھوڑ آپ کے سپنے پورا کرنے میں لگ جاتی ہے۔‘
دوسری جانب کرینہ کپور نے بھی ارجن کپور کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے اس کردار کو نبھا کر بہادری کا ثبوت دیا ہے۔
کرینہ نے کہا: کتنے مرد ہیں جو ایپرن پہننے کی ہمت کر سکتے ہیں اور اپنی بیوی سے گھر چلانے کے لیے پیسے مانگ سکتے ہیں۔‘

ارجن کہتے ہیں کہ کسی مرد یا عورت کو ایک دوسرے سے یہ نہیں کہنا چاہیے کہ وہ کیا کام کریں یا کیا نہ کریں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ کہتے ہیں: ’کام قابلیت کے زور پر ملنا چاہیے نہ کہ یہ دیکھ کر کہ آپ مرد ہیں یا عورت۔‘
ارجن پرعزم ہونے کی بات پر کہتے ہیں: ’میں ایسی کئی خواتین کو جانتا ہوں جو اپنے کام میں بہت اچھی ہیں اور ایسے کتنے مردوں کو بھی جانتا ہوں جو یہ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اپنے کام کے تئیں زیادہ حوصلہ مندانہ رویہ نہیں رکھتے لیکن معاشرے کے خوف سے وہ کھل کر بات نہیں کر پاتے ہیں۔‘

ان دنوں سوشل میڈیا پر بھی لوگ کھل کر رد عمل ظاہر کرتے ہیں جس پر ارجن کہتے ہیں: ’لوگ جتنا کھل کے سوشل میڈیا پر اپنی رائے دیتے ہیں شاید اصل زندگی میں وہ ویسا نہیں سوچتے یا کرتے ہوں گے۔‘
انھوں نے میڈیا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا: ’میڈیا پر بھی ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو بیدار کرے، یہ ایک عمل ہے جو جاری ہے اور آنے والے دنوں میں بہتر ہی ہوگا۔‘







