شاہ رخ، سلمان ایک بار پھر ساتھ ساتھ

،تصویر کا ذریعہTWITTER
شاید وہ دن گزر گئے جب بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان اور سلمان خان ایک دوسرے سے آنکھ تک نہیں ملاتے تھے۔
جمعہ کی صبح شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں دونوں فلمی ستارے ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔
تصویر میں دونوں اداکار اپنی اپنی سائیکلوں پر سوار ہوکر ایک ساتھ پوز دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
اس تصویر کو شاہ رخ نے بڑے دلچسپ انداز میں یہ لکھتے ہوئے پوسٹ کیا کہ ’بائیک بائیک پر بھائی بھائی۔ کوئی فضائی آلودگی نہیں۔‘
ایک وقت تھا جب شاہ رخ اور سلمان کے درمیان کی رقابتوں پر مبنی خبریں فلمی دنیا کی بڑی سرخیاں ہوتی تھیں۔

دونوں کے درمیان بات چیت تک نہیں ہوتی تھی لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ دونوں پھر سے دوست بن گئے ہیں۔
گذشتہ دنوں سلمان خان نے شوٹنگ کی تھکان کا ’ریپ‘سے موازنہ کر دیا تھا جس کی وجہ سے وہ پھر سے تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران اپنی آنے والی فلم ’سلطان‘ کے حوالے سے سلمان نے کہا تھا کہ ’جب میں شوٹنگ کے بعد رنگ سے باہر نکلتا تھا تو جنسی زیادتی کی شکار ایک عورت کی طرح محسوس کرتا تھا۔ میں سیدھا چل بھی نہیں پاتا تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس فلم میں سلمان خان ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہcolors channel
ان کے اس بیان پر خواتین کے قومی کمیشن نے سلمان خان کو نوٹس بھی بھجا تھا۔
جمعہ کو ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان سے سلمان کے شوٹنگ کا ’ریپ‘ سے موازنہ کرنے والے بیان پر ان کی رائے پوچھی گئی۔
اس پر شاہ رخ خان نے کہا کہ وہ خود کئی متنازع بیان دیتے رہے ہیں اس لیے وہ خود کسی نتیجہ پر پہنچ کو اس پر تبصرہ کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلے پر کسی بھی طرح کی رائے ظاہر کرنے کے اپنے آپ کو قابل نہیں سمجھتے ہیں۔







