خیرپور میں عامر خان کی سالگرہ کی تقریب

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
بالی وڈ اداکار عامر خان نے اپنا جنم دن کہاں اور کس کے ساتھ منایا یقیناً اس بات سے لوگوں کی اکثریت لاعلم ہوگی، لیکن ان کے شہر اور ملک سے سینکڑوں کلومیٹر دور پاکستان کے ایک دیہی علاقے میں بھی گذشتہ کچھ عرصے سے ان کا جنم دن منایا جاتا ہے۔
صوبہ سندھ کے شمالی ضلع خیرپور کے علاقے فیض گنج میں 20 سالہ عامر راجپر ہر سال اپنے ہم نام اداکار کی سالگرہ مناتے ہیں، آر او گاؤں کا رہائشی یہ نوجوان پیدائشی طور پر معذور ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سے ہوش سنبھالا ہے وہ ہر سال عامر خان کی سالگرہ مناتے ہیں اور اس سال بھی 14 مارچ کو انھوں نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔
اس تقریب کے لیے کیک خصوصی طور 100 کلومیٹر دور واقع نواب شاہ شہر کی ایک بڑی بیکری سے منگوایا جاتا ہے، عامر راجپر کہنا ہے کہ خصوصی دعوت ہے تو کیک بھی سپیشل ہونا چاہیے جو چیز دور سے آئے گی اس کی اہمیت بھی تو ہوگی۔

عامر خان کی سالگرہ میں گاؤں کے علاوہ آس پاس کے رشتے دار اور احباب بھی مدعو کیے جاتے ہیں اور یہ تقریب صرف کیک تک محدود نہیں ہوتی بلکہ مہمانوں کو کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے جو زیادہ تر بریانی ہوتی ہے۔
عامر راجپر کے پانچ بھائی ہیں جو زمینداری کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس سالگرہ کی تقریب پر 20 سے 25 ہزار روپے خرچ آجاتا ہے، اور یہ سب کچھ وہ اپنے بھائی کی خوشی کے لیے کرتے ہیں جبکہ گاؤں کے لوگ بھی اس کی خواہش پوری کرنے کے لیے تقریب میں شریک ہوتے ہیں۔
عامر راجپر تعلیم حاصل نہیں کرسکے ہیں، انھیں عامر خان کی تارے زمین پر، تھری ایڈیٹس اور سماجی موضوعات پر بنی ہوئی فلمیں زیادہ پسند ہیں۔ انھیں عامر خان کی تمام فلموں کے نام بھی یاد ہیں، عامر کے بقول اداکار دوسرے بھی ہیں لیکن عامر خان کی اداکاری منفرد ہے اور ان کی فلموں میں پیغام بھی ہوتا ہے۔

عامر راجپر کا یہ نام اس کے مرحوم والد نے رکھا تھا وہ اپنا جنم دن نہیں مناتے کیونکہ اس کو علم ہی نہیں ہے کہ وہ کس تاریخ کو ہوتا ہے لیکن سنہ 2007 سے باقاعدگی سے عامر خان کی سالگرہ منا رہے ہیں۔
عامر خان کے اس شیدائی کی خواہش ہے کہ ان کی عامر خان سے ایک بار ملاقات کرائی جائے اس کے لیے عامر خان پاکستان آئیں یا انھیں بھارت بلائیں تاکہ ان کا یہ خواب پورا ہوسکے کیونکہ وہ خود بے بس ہیں ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







