’عامر کو ایسے بولڈ بیان دینے سے پرہیز کرنا چاہیے تھا‘

بھارت میں عدم رواداری میں اضافے پر جاری تنازعے کے حوالےسے فلم اداکار اکشے کمار نے کہا ہے کہ عامر خان ’بولڈ بیان‘ دینے سے پرہیز کریں۔
عامر نے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ ملک کے ماحول کو دیکھتے ہوئے ان کی بیوی کرن راؤ نے ملک چھوڑنے کی بات کہی تھی۔
اس بات پر پیدا ہونے والے تنازعے کے بعد عامر نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں لیکن نہ تو وہ ہندوستان چھوڑ کر جانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور نہ ایسا کریں گے۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اکشے کمار نے حال ہی میں اختتام پزیر ہونے والے پانچ روزہ جے پور ادبی میلے میں کہا: ’ہر ملک میں چیزیں اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں لیکن کسی کو بھی ایسے بولڈ بیان نہیں دینا چاہیے۔ ملک میں بہت سی اچھی چیزیں بھی ہیں، جن کے بارے میں ہم بات نہیں کرتے ہیں۔‘

فلم اداکار اور بی جے پی ایم پی شتروگھن سنہا نے جے پور ادبی میلے میں کہا کہ ’بالی وڈ کے کچھ نادان لوگ عدم برداشت کی باتیں کر رہے ہیں اور وہ ان سے متفق نہیں ہیں۔‘
اس درمیان عامر خان نے پیر کو پھر کہا کہ وہ بھارت میں پیدا ہوئے ہیں اور بھارت میں ہی مریں گے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
عامر نے ممبئی میں کہا: ’میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ بھارت غیر روادار ملک ہے یا میں ملک چھوڑنا چاہتا ہوں۔ میں ان لوگوں کے جذبات کو بھی سمجھتا ہوں، جو اس سے مجروح ہوئے ہیں۔ میں کہنا چاہوں گا کہ میرے بیان کو غلط سمجھا گیا۔ اس کے لیے میڈیا کا ایک حصہ ذمہ دار ہے۔‘
انھوں نے کہا: ’ہمارے ملک میں بہت سی زبانیں ہیں، ثقافت ہے اور بھارت جیسی رنگا رنگی کسی اور ملک میں نہیں ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







