’کاسٹنگ کاؤچ شوبز کی ایک حقیقت ہے‘

رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ انھیں بھی جنسی تعلقات بنانے کی پیش کش ہوئي تھی
،تصویر کا کیپشنرنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ انھیں بھی جنسی تعلقات بنانے کی پیش کش ہوئي تھی
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی وڈ میں کاسٹنگ کاؤچ کا چرچا ہمیشہ سے ہی رہا ہے کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس طرح کے واقعات عام ہیں اور کچھ اسے افواہ کہتے ہیں۔

حال ہی میں اداکار رنویر سنگھ نے ایک چونکا دینے والا واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ کاسٹنگ کاؤچ شوبز کی ایک انتہائی گھناؤنی اور افسوس ناک حقیقت ہے اور انھیں خود اس کا تجربہ ہو چکا ہے۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/12/151219_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ جب وہ فلمی دنیا میں جدو جہد کر رہے تھے تو ایک شحص سے ان کی ملاقات ہوئی اور اس شخص نے ایک پروڈکشن ہاوس تک رسائی کے بدلے ان سے جنسی مراسم بنانے کے لیے کہا لیکن انھوں نے صاف انکار کر دیا۔

رنویر کا کہنا تھا اس شخص نے ان کے پورٹ فولیو پر نظر تک نہیں ڈالی اور انھیں اس طرح کی پیشکش کر ڈالی۔ کاسٹنگ کاؤچ کے بارے میں ہمیشہ سے ہی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔ رنویر سنگھ نے سنہ 2010 میں فلم بینڈ باجا بارات سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔

اب یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنے سال تک رنویر نے اس واقعے کا ذکر کیوں نہیں کیا؟ یہ بیان ایک ایسے وقت میں دینے کا مطلب کہیں پبلیسٹی تو نہیں جب ان کی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ ریلیز ہو رہی تھی۔ بالی ووڈ میں سب ممکن ہے۔

سوناکشی کیا بننا چاہتی تھیں

سوناکشی سنہا خلاباز بننا چاہتی تھیں

،تصویر کا ذریعہNiluer qureshi

،تصویر کا کیپشنسوناکشی سنہا خلاباز بننا چاہتی تھیں

اداکارہ سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ انھیں اس بات کا اندازہ ہی نہیں تھا کہ ایک ہیروئن اپنے کسی ڈایئلاگ کی وجہ سے مشہور ہو سکتی ہے جیسا کہ ان کے ساتھ ہوا۔

سوناکشی کہتی ہیں کہ اکثر ہیروز کے ڈایئلاگ مشہور ہوتے ہیں خواہ وہ امیتابھ بچن ہوں یا شاہ رخ، سلمان یا پھر ان کے والد شتروگھن سنہا ہوں۔

سوناکشی کہتی ہیں کہ اداکارہ بننے کے علاوہ انھیں کئی شعبوں میں دلچسپی رہی ہے۔ وہ کھیلوں میں بہت دلچسپی رکھتی تھیں۔ پھر انھیں کوسٹیوم ڈیزائن کا شوق ہوا، انھوں نے وہ بھی کر کے دیکھا لیکن حقیقت میں وہ اداکارہ نہیں بلکہ ایک خلا باز بننا چاہتی تھیں۔

ویسے سوناکشی یہ تمام شوق تو آپ صرف ہیروئن بن کر ہی پورے کر سکتی ہیں ان کرداروں کو نبھا کر۔ اور جہاں تک خلا باز بننے کا تعلق ہے تو وزن تو آپ کو اس کے لیے بھی کم کرنا پڑتا۔

انوملک کا مذاق

موسیقار اور گلوکار انوملک اپنے اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنموسیقار اور گلوکار انوملک اپنے اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ

ایک کہاوت ہے کہ نام میں کیا رکھا ہے اور لگتا ہے کہ موسیقار اور گلوکار انو ملک بھی اسی کہاوت میں یقین رکھتے ہیں۔

ہوا یوں کہ حال ہی میں ایک ایوارڈ تقریب میں انھیں فلم ’پیار کا پنچ نامہ ٹو‘ کی اداکارہ نشرت بھروچا کو ایوارڈ دینے کے لیے بھیجا گیا۔اب ملک صاحب نے نام پڑھنے کے لیے لفافہ کھولا اور نشانت بھنڈاری کے نام کا اعلان کر ڈالا جس پرتالیوں کے بجائے خاموشی چھا گئی۔

پھر کیا تھا فلم کے ڈائریکٹر لو رنجن جلدی سے اٹھ کر سٹیج پر گئے اور ملک صاحب کو بتایا کہ یہ نشانت بھنڈاری نہیں بلکہ نشرت بھروچا ہیں۔

لوگوں کا خیال تھا کہ اس وقت ملک صاحب نے غالباً اپنا چشمہ نہیں پہنا تھا۔ یہ واقعہ مذاق کا موضوع بنا تو انو ملک نے سارا الزام آرگنائزرز کے سر دے مارا ان کا کہنا تھا کہ انھیں غلط نام لکھ کر دیا گیا۔

شاہ رخ اور تنازعات

شاہ رخ کا کہنا ہے وہ تنازعات سے متاثر نہیں ہوتے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ کا کہنا ہے وہ تنازعات سے متاثر نہیں ہوتے

بالی وڈ کے ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ تنازعات کبھی بھی فلم، شہرت اور نام کو متاثر نہیں کرتے۔ شاہ رخ سے جب ان سے منسلک تنازعات کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ لوگ پبلیسٹی کے لیے کئی بار بڑی شخصیات کے کندھوں کا استعمال کرتے ہیں۔

شاہ رخ کا کہنا ہے اس طرح کے تنازعات انھیں متاثر نہیں کرتے اور یہ کہ وہ ایک آرٹسٹ ہیں اور اپنا کام جاری رکھیں گے۔ بھارت میں عدم رواداری سے متعلق بحث میں شاہ رخ کے بیان پر بڑا تنازع پیدا ہو گیا تھا۔

شاہ رخ اور کاجول کی فلم ’دل والے‘ کی ریلیز سے پہلے مہاراشٹر میں ’نو نرمان سینا‘ نے ان کی فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ مشہور شخصیات کے حوالے سے تنازع کوئی نئی بات نہیں لیکن ایک کہاوت یہ بھی ہے کہ بدنام اگر ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا۔