’دبنگ خان‘ کی 50 ویں سالگرہ پر سوانح عمری

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
تازہ خبر ہے کہ بالی وڈ کے ’دبنگ خان‘ کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی سوانح عمری شائع کی جائے گی۔ اس سوانح عمری میں سلمان کے کون سے پہلوؤں اور ان کی زندگی سے جڑے واقعات اور شخصیات کو شامل کیا جائے گا یہ تو اسے پڑھنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا۔
<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/12/151205_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
سلمان کی سوانح عمری لکھنے والے دہلی کے صحافی جسیم خان کے بارے میں زیادہ تو کوئی نہیں جانتا ہاں اتنا ضرور ہے کہ یہ کتاب سلمان کی زندگی کی طرح ہی ایکشن سے بھر پور اور خاصی رنگین ہونے والی ہے کیونکہ سلمان خان کی زندگی بھی ایک بلاک بسٹر فلم کی طرح ہی نظر آتی ہے۔
جب سلمان کی فلاپ فلمیں بھی دو سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرتی ہیں تو ان کی زندگی پر مبنی یہ کتاب کیا کمال کر سکتی ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔

’تماشا‘ باکس آفس پر کچھ زیادہ تماشائی جمع نہیں کر سکی
باکس آفس سے یاد آیا کہ رنبیر کپور کی فلم ’تماشا‘ باکس آفس پر کچھ زیادہ تماشائی جمع نہیں کر سکی اور فلم پر ملا جلا ردِ عمل سامنے آیا ہے۔
خیر اب چونکہ اس فلم نے اس سے پہلے آنے والی ان کی دوسری فلموں سے زیادہ بزنس کیا ہے تو پارٹی تو بنتی ہے پھر کیا تھا تماشا فلم کی ’سکسیس پارٹی‘ منائی گئی جس میں سب تھے لیکن رنبیر کی مبینہ گرل فرینڈ قطرینہ غائب رہیں۔
بحر حال اب رنبیر کا کہنا ہے کہ اپنے فینز کو اچھی فلمیں دینا ان کی ذمہ داری ہے اور وہ اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کی پوری کوشش کریں گے۔
ویسے یہ خیال بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رنبیر اب سوچ سمجھ کر فلمیں سائن کریں کہیں ایسا نہ ہو کہ فلم تو بن جائے لیکن فینز ہی نہ رہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
رامو اپنی اس خود نوشت کو مقبول بنانے کا طریقہ ڈھونڈ رہے ہیں؟
فلمساز رام گوپال ورما آج کل اپنی فلموں سے تو نہیں لیکن بیانات اور ٹوئٹس کے سبب پبلیسٹی بٹور رہے ہیں۔
کچھ عرصے پہلے وہ بھارت میں ’عدم روادی کی بحث میں الجھ گئے تھے لیکن اس بار وہ بالی وڈ کی مشہور اداکارہ شری دیوی کے شوہر اور فلمساز بونی کپور کے غصے کا شکار ہوئے ہیں۔
ہوا یوں کہ رامو نے خود نوشت ’گن اینڈ تھائی‘ میں دل کھول کر لکھا ہے کہ کس طرح وہ شری دیوی پر فریفتہ تھے۔ رامو جذبات میں آکر کافی کچھ لکھ گئے پھر کیا تھا شری دیوی کے شوہر بونی کپور کو غصہ آگیا اور انھوں نے رامو کو ’پاگل اور گندے ذہن‘ والا انسان کہا۔
لگتا ہے رامو اپنی اس خود نوشت کو مقبول بنانے کا طریقہ ڈھونڈ رہے ہیں؟

،تصویر کا ذریعہSAJID KHAN
جو بوؤگے وہی کاٹو گے
فلمساز ساجد خان جو انڈسٹری میں اکثر لوگوں کا مذاق اڑانے کے لیے مشہور ہیں اور کافی بڑ بولے سمجھے جاتے ہیں اب شکایتوں پر اتر آئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگوں نے ان کی فلم ہمشکل کے لیے ان پر بہت تنقید کی ہے۔ ساجد کا خیال ہے کہ ان کی اس فلم نے 65 کروڑ کا بزنس کیا تھا تو اسے فلاپ بھی نہیں کہا جا سکتا۔
ساجد کہتے ہیں کہ کافی عرصے تک خود انھوں نے لوگوں کا مذاق اڑایا انھیں تنقید کا نشانہ بنایا اسی لیے ان کی فلم نہیں بلکہ ان سے بدلہ لے رہے ہیں اور جس وقت وہ دوسروں کے بارے میں باتیں کرتے تھے انھیں یہ احساس ہی نہیں ہوتا تھا کہ خود ان کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔
ساجد صاحب شاید آپ نے یہ کہاوت نہیں سنی تھی کہ جو بوؤگے وہی کاٹو گے!

بے باکی کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے
اس ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’ہیٹ سٹوری تھری‘ کے صرف ٹریلر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوا کہ جیسے اس فلم نے بے باکی کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
لگتا ہے حال ہی میں سینسر بورڈ کے طے شدہ اصول اور ضوابط میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں۔
اب فلم میں کام کرنے والے ہیرو اور ہیروئن دونوں ہی اس بارے میں ایسے بیانات جاری کر رہے ہیں کہ جیسے فلم میں کام کر کے شرمندہ ہوں!
پہلے زرین خان سلمان کا سامنا کرنے سے گھبرا رہی تھیں جو انھیں بالی ووڈ میں لے کر آئے تھے اور اب شرمن جوشی صفائی دیتے پھر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کی بیگم کو ان پر پورا بھروسہ ہے اور وہ اچھی طرح جانتی ہیں کہ یہ ان کے کام کا حصہ ہے۔ شرمن بھائی ایسا کام ہی کیوں کریں جس کی صفائی دینی پڑ جائِے؟







