انڈسٹری کے ’رابن ہڈ‘ کو نئے چہرے کی تلاش

- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ میں ہیروز کے مقابلے ہیروئنوں کا کیا مقام ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ فلم ’سلطان‘ کے فلمساز نے فلم کی شوٹنگ ہیروئن کے انتخاب کے بغیر ہی شروع کر دی مطلب یہ کہ ابھی اس بات کا فیصلہ تک نہیں ہوا ہے کہ فلم کی ہیروئن کون ہوگی؟
سلمان خان کے ساتھ فلم کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ خبریں ہیں کہ فلم کے ہدایت کار پرینیتی چوپڑہ کو سائن کرنا چاہتے ہیں لیکن سلمان خان فلم میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں اور بہت سوچ سمجھ کر ہیروئن کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں۔
غالباً اس فلم کے لیے کسی نئے چہرے کی تلاش جاری ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ انڈسٹری کے ’رابن ہڈ‘ کی مہربانیاں اب کس کی قسمت کو چمکاتی ہیں؟ ویسے فلم ’سلطان‘ اگلے سال عید کے موقعے پر ریلیز کیے جانے کا منصوبہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہbeena
اس ہفتے کی دلچسپ خبروں میں سے ایک خبر یہ بھی ہے کہ انوپم کھیر جو پچھلے کچھ ہفتوں میں اپنی ’سیاسی سرگرمیوں‘ کے لیے سرخیوں میں تھے اور ’عدم رواداری‘ کی بحث میں انھوں نے عامر خان کو خوب لتاڑا تھا، اب ان کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
انوپم کھیر کا کہنا ہے ’عامر خان میرے اچھے دوست ہیں، ایک بڑے پروڈیوسر اور ہیرو ہیں اور میں ان کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں۔‘
انوپم اب یہ کہہ رہے ہیں کہ عامر کے بیان کے بارے میں انھیں اپنے ڈرائیور سے پتہ چلا اور جذبات میں آ کر انھوں نے ٹوئٹ کر ڈالی۔

،تصویر کا ذریعہbbc
حالانکہ انوپم اب بھی اپنے موقف پر قائم رہنے کی بات کر رہے ہیں لیکن جس طرح سے وہ اپنے ٹوئٹ کی صفائی پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ وہ یہ سمجھ چکے ہیں کہ پانی میں رہ کر مگر مچھ سے بیر ٹھیک نہیں۔ ویسے بھی انوپم کھیر سنہ 1990 کے بعد سے عامر کے ساتھ کوئی فلم نہیں کر سکے۔ پانچ سال کے بعد فلم ’دل والے‘ سے واپس انڈسٹری کا رخ کرنے والی اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں اداکاراؤں پر خوبصورت لگنے کا دباؤ کچھ زیادہ ہی ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان کے ٹیلنٹ کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کاجول کا خیال ہے کہ ہیروئنوں کو ہمیشہ ایک خاص انداز میں دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے اور عام زندگی میں بھی ان پر ہیروئن کی طرح نظر آنے کا دباؤ رہتا ہے جو غلط ہے۔
لگتا ہے کہ کاجول بھول گئی ہیں کہ یہ بات انڈسٹری تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک سماجی سوچ اور رویہ ہے۔ جب کبھی عورتوں پر مبنی یا عورت کے کردار کے گرد فلم بنائی جاتی ہے تو اسے وہ کامیابی نہیں ملتی جو مرد کے مرکزی کردار والی فلموں کو ملتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
یہی وجہ ہے کہ آج بھی انڈسٹری میں ہیروئنوں کو ہیروز کے مقابلے کم فیس ادا کی جاتی ہے کیونکہ فلمسازوں کا خیال ہے کہ فلم ہیروز کی وجہ سے چلتی ہے۔ ’ہٹ اینڈ رن‘ کیس میں عدالت کی جانب سے سلمان خان کی رہائی سے ان کے گھر والے تو خوش ہیں ہی ساتھ ہی ان کے مداح اور انڈسٹری کے دوست بھی خاصے خوش نظر آ رہے ہیں۔
انڈسٹری کے ہر چھوٹے بڑے فنکار نے سلمان کے گھر جا کر انھیں مبارک باد دی۔ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان بھی اپنی خوشی کا اظہار کرنے سے پیچھے نہیں رہے، انھوں نے بھی سلمان کے بری ہونے پر مبارک باد دی۔

شاہ رخ کے خوش ہونے کی ایک اور وجہ بھی ہے اور وہ ہے فوربز میگزین کی تازہ رپورٹ جس کے مطابق شاہ رخ بھارت کی 100 بڑی شخصیات میں واپس اول نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس میدان میں انھوں نے سلمان خان کے علاوہ امیتابھ بچن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ لگتا ہے کہ انڈسٹری کے کرن ارجن کی اس جوڑی کی قسمت آج کل زوروں پر ہے۔ اداکارہ کرشمہ کپور اور ان کے بزنس مین شوہر سنجے کپور کے درمیان عرصے سے طلاق کا کیس چل رہا تھا جو ان دونوں نے حال ہی میں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور خبر ہے کہ دونوں اب اس رشے کو ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں۔
تازہ خبر یہ ہے کہ انٹر نیشنل ریالٹی شو ’بگ برادر‘ نے اگلے سیزن کے لیے انھیں شو کا حصہ بننے کی آفر کی ہے۔ اگرچہ ابھی تک کرشمہ اور سنجے نے رسمی طور پر اس شو میں شامل ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے لیکن اگر وہ اس شو میں شامل ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں تو دونوں کی شادی شدہ زندگی کا یہ لائیو ٹیلی کاسٹ کافی دلچسپ رہے گا۔

ویسے شلپا شیٹی ابھی تک واحد بھارتی اداکارہ ہیں جو اس شو کا حصہ رہ چکی ہیں۔







