’گیم آف تھرونز‘ میں جان سنو کی واپسی؟

گیم آف تھرونز میں جان سنو کا کردار کٹ ہیرنگٹن ادا کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہHBO

،تصویر کا کیپشنگیم آف تھرونز میں جان سنو کا کردار کٹ ہیرنگٹن ادا کر رہے ہیں

کئی ماہ کی قیاس آرائیوں کے بعد آخر کار مقبول ٹیلی وژن سیریز گیم آف تھرونز کے اہم کردار جان سنو آنے والے چھٹے سیزن کے ایک پوسٹر پر خونم خون مگر زندہ دکھائے گئے ہیں۔

کیبل کمپنی اور ٹیلی وژن نیٹ ورک ایچ بی او نے جان سنو کی تصویر ’اپریل #GoTSeason6 #GameOfThrones ‘ کے پیغام کے ساتھ ٹویٹ کی ہے۔

گیم آف تھرونز کےگذشتہ سیزن کے اختتام میں جان سنو کو بظاہر قتل ہوتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

تاہم رواں برس جولائی میں اداکار کِٹ ہیرنگٹن کی شمالی آئرلینڈ کے ہوائی اڈے پر کھینچی گئی تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی تھی، اس کے بعد ان کے کردار کے زندہ ہونے کا یہ پہلا اہم اشارہ سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ سیریز کے چھٹے سیزن کی فلمبندی شمالی آئر لینڈ میں ہی کی جا رہی ہے۔

سیریز میں پرستاروں نے آخری بار انھیں جب دیکھا تھا تو وہ ’نائٹ واچ‘ کے اپنے ساتھیوں کے ہاتھوں بے رحمانہ چھریوں کے وار کھا کے زمین پر پڑے ہوئے تھے۔

سنہ 2011 میں شروع ہونے والی ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز اب تک 26 پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز جیت چکی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسنہ 2011 میں شروع ہونے والی ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز اب تک 26 پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز جیت چکی ہے

جان سنو کی تصویر سامنے آنے کے بعد ان کی ایک پرستار وائیلیٹا مولینا نے ٹوئٹر پر لکھا: ’کیا وہ واقعی واپس آگئے ہیں؟ یا پھر ہمارے ساتھ ایچ بی او کا یہ ظالمانہ مذاق ہے؟‘

دوسری جانب چند پرستار اس پوسٹر کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار نطر آتے ہیں۔

سٹیزن ڈی کہتے ہیں ’جان سنو کے پوسٹر میں کچھ گڑ بڑ ہے۔ (میں نہیں جانتا) ایچ بی او کیا کھیل کھیل رہا ہے لیکن مجھے یہ بالکل پسند نہیں آرہا ہے۔‘

سنہ 2011 میں شروع ہونے والی ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز اب تک 26 پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز جیت چکی ہے جس میں رواں سال کا بہترین ڈرامہ سیریز کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔

یہ سیریز سنہ 2013 کے بافٹا آڈیئنس ایوارڈ کی فاتح بھی ہے۔