ایمی ایوارڈز: بہترین ڈرامے کا اعزاز ’گیم آف تھرونز‘ کے نام

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقدہ 67 ویں ایمی ایوارڈز کی تقریب میں مقبول ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ نے متعدد اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔
گیم آف تھرونز کو بہترین ڈرامہ کا ایوارڈ ملا جبکہ اداکارہ ویولا ڈیوس کو ’ہاؤ ٹو گیٹ اوے ود مرڈر‘ میں شاندار اداکاری پر بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی سیاہ فام خاتون ہیں۔
جان ہم کو ’میڈ مین‘ میں ڈون ڈراپر کا کردار نبھانے پر بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا۔
بہترین مزاحیہ پروگرام کی کیٹیگری میں سیاسی طنز و مزاح کی سیریز ’ویپ‘ کو بہترین پروگرام قرار دیا گیا۔
امریکی ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کو نشر ہونے کے بعد پانچ سالوں میں پہلی بار بہترین ڈرامہ سیریز قرار دیا گیا۔
اس کے علاوہ بہترین مصنف، ہدایت کاری اور بہترین معاون اداکار کے ایوارڈز بھی ’گیم آف تھرونز‘ کو ملے۔
بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ گیم آف تھرونز میں ٹائریون لینسٹر کا کردار نبھانے والے اداکار پیٹر ڈنگلیج کے حصے میں آیا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
کامیڈی ڈرامہ ٹرانسپیرنٹ کو بہترین کامیڈی ہدایت کار اور بہترین کامیڈی اداکار کے اعزازات حاصل ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایمی ایوارڈ ڈرامہ کیٹیگری میں ویولا ڈیوس کو بہترین مرکزی کردار ادا کرنے پر ایوراڈ ملا۔ انھوں نے امریکی ٹی وی کی ڈرامہ سیریز ’ہاؤ ٹو گیٹ اوے ود مرڈر‘ میں وکیل دفاع کا کردار بخوبی نبھایا ہے۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’محض ایک امر سیاہ فام خواتین کو کسی سے بھی الگ کرتا ہے اور وہ ہے موقع۔‘
ان کا کہنا تھا: ’آپ ایمی ایسے کردار ادا کرکے نہیں جیت سکتے جو موجود ہی نہ ہوں۔‘







