جارج کلونی نے بے گھر افراد کے کیفے کا دورہ کیا

کلونی اپنے دورے میں ایک خاتون سے بھی ملیں گے جنھوں نے اُن کے ساتھ ملاقات کا مقابلہ جیتا ہے
،تصویر کا کیپشنکلونی اپنے دورے میں ایک خاتون سے بھی ملیں گے جنھوں نے اُن کے ساتھ ملاقات کا مقابلہ جیتا ہے

ہالی وڈ سٹار جارج کلونی نے سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں بےگھر افراد کی مدد کرنے والے ایک کیفے کا دورہ کیا ہے۔

کلونی ’سوشل بائیٹ‘ نامی کیفے گئے جو اپنا تمام منافع بےگھر افراد کو عطیہ کرتا ہے۔

اس کے بعد کلونی اپنے دورے میں ایک خاتون سے بھی ملیں گے جنھوں نے اُن کے ساتھ ملاقات کا مقابلہ جیتا ہے۔

اس کے بعد وہ شہر کے بین الاقوامی کانفرنس سینٹر میں منعقد کیے جانے والے سکاٹش بزنس ایوارڈز میں دو ہزار افراد سے خطاب کریں گے۔

اس سے قبل جارج کلونی نے سنہ 2005 میں سکاٹ لینڈ کا دورہ کیا تھا جب انھوں نے خیراتی کانسرٹ ’لائیو 8 ایڈنبرا‘ کی میزبانی کی تھی۔

سکاٹش بزنس ایوارڈز اور سوشل بائیٹ کے بانی جاش لٹل جان نے کہا: ’ہمارا عملہ جارج کے دورے سے بہت خوش ہے۔ آخر وہ دنیا کی مشہور ترین شخصیات میں سے ایک ہیں اور ہم انھیں سوشل بائیٹ کے بارے میں آگاہ کرنے کے منتظر ہیں۔‘

صارفین سوشل بائیٹ کیفے جا کر بےگھر افراد کے لیے خوراک یا کافی خرید سکتے ہیں۔

گذشتہ ماہ کیفے نے دنیا کا پہلا ’سیلف لیس‘ یا ’بےغرض‘ وفاداری کا کارڈ متعارف کروایا تھا جو صارفین کو بےگھر افراد کے لیے کھانا خریدنے کے بدلے پوائنٹس دیتا ہے۔

اس منصوبے کے تحت جو لوگ دس بار اس کیفے میں جائیں گے ان کے کارڈ میں اتنے پوائنٹس جمع ہو جائیں گے کہ کیفے ان کی طرف سے بےگھر افراد کو ایک وقت کا مفت کھانا پینا فراہم کرے گا۔

ایڈنبرا، گلاسگو اور ایبرڈین کے شہروں میں قائم سوشل بائیٹ کیفے کی شاخوں میں کام کرنے والے عملے سے تعلق رکھنے والے ایک چوتھائی افراد پہلے خود بے گھر ہوا کرتے تھے۔