صرف عامر خان ہی موٹاپے سے پریشان نہیں ہیں

بالی ووڈ سے خبر آئی تھی کہ عامر خان اپنی اگلی آنے والی فلم ’دنگل‘ کے لیے اپنے وزن کو کافی تیزی سے بڑھا رہے ہیں۔
جس کی وجہ سے ان کی بیوی کرن راؤ عامر کی صحت کو لے کر خاصی فکر مند ہیں۔
لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ صرف عامر ہی نہیں دبنگ خان یعنی سلمان خان بھی اپنا وزن بڑھانے میں مصروف ہیں۔
سلمان اپنی آنے والی فلم سلطان کے لیے خود کو 90 کلوگرام کر چکے ہیں لیکن ابھی انھیں 8 کلو وزن اور بڑھانا ہے۔
بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں سلمان کا کہنا تھا کہ ’سلطان کی شکل میں، میں ’پریم رتن دھن پایو‘ کا پروموشن کر رہا ہوں اور میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے کیونکہ سلطان میں ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہا ہوں جو ورلڈ چیمپئن ہے اور ایسے کردار کے لیے میرا بھاری بھرکم نظر آنا بے حد ضروری ہے۔‘
سلمان بتاتے ہیں کہ فلم میں ان کے 3 سے 4 مختلف روپ ہیں جن کے لیے انھیں اپنا وزن کم اور زیادہ کرتے رہنا پڑے گا۔
سلمان کے مطابق ’وزن بڑھانا جتنا مشکل ہے اس کم کرنا اس سے بھی زیادہ مشکل ہے اور سلطان کی شوٹنگ کے بعد میں کوئی فلم نہیں کروں گا بلکہ وزن کم کرنے کی ورزش کروں گا۔‘
سلمان جو پریم رتن دھن پایو کی عکسبندی کے دوران 75 کلوگرام کے تھے وہ فی الحال خاصا موٹے نظر آ رہے ہیں کیونکہ انھوں نے 15 کلو وزن بڑھایا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پریم نام والی فلم کے ساتھ سکرین پر واپسی کر نے والے سلمان کا کہنا ہے کہ ان کی ایسی فلمیں جن میں ان کا نام پریم ہو وہ ماضی میں کافی کامیاب رہی ہیں اور وہ خود کو اس نام کا برانڈ ایمبسیڈر مانتے ہیں، ’میں نے جب اپنا فلمی سفر شروع کیا تھا تب کو بھی ڈائریکٹر اپنے ہیرو کا نام پریم نہیں رکھتا تھا یہاں تک لوگ اپنی بچوں کے بھی ایسے نام رکھنا پسند نہیں کرتے تھے کیونکہ یہ ویلن کا نام ہوتا تھا لیکن میں نے ’پریم‘ کو ہیرو بنا دیا۔‘







