سلمان کی فلم رومانیہ میں کیوں ریلیز ہو رہی ہے؟

- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
زرینہ وہاب اور آدتیہ پنچولی کے صاحب زادے سورج پنچولی کا کہنا ہے کہ اگر آپ کسی فلمی ستارے کے بیٹے یا بیٹی ہوں تو صورتِ حال آپ کے لیے کافی مشکل ہو جاتی ہے کیونکہ لوگ آپ کو نئے اداکار کے طور پر نہیں لیتے بلکہ آپ کے کام کا موازنہ آپ کے والدین کے کام سے کرتے ہیں۔
اب کوئی سورج سے یہ پوچھے کہ اگر آپ زرینہ وہاب اور آدتیہ پنچولی کے صاحب زادے نہ ہوتے تو کیا سلمان خان جیسا بڑا سٹار آپ کو نہ صرف فلم کا ہیرو بناتا بلکہ آپ کی فلم کی کامیابی کی ہر ممکن کوشش بھی کرتا؟
<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/10/151024_bollywood_roundup_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
انڈسٹری میں ایسی ایک فلم حاصل کرنے کے لیے کتنے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں اس کا اندازہ فلم سٹارز کے بچوں کو کیسے ہو سکتا ہے، فلمسٹار کے بیٹے تھے تبھی تو ’ہیرو‘ کے ہیرو بن سکے۔
سونم کی شہرت

،تصویر کا ذریعہAFP
سونم کپور بغیر سوچے سمجھے بولنے کے لیے مشہور ہیں۔ وہ کب کہاں کس کو کیا کہہ بیٹھیں کچھ نہیں کہا جا سکتا، کیونکہ وہ اکثر بولنے کے بعد سوچتی ہیں۔
ایک وقت ایشوریہ رائے کو آنٹی کہنے پر وہ انھیں ناراض کر بیٹھی تھیں۔
لگتا ہے ان کے پاپا انل کپور بھی ان کی اس عادت سے پریشان ہیں ان کا کہنا ہے کہ ’سونم بہت معصوم ہیں اور ان کا دل ابھی تک بچوں جیسا ہے اور وہ ہمیشہ سونم کو یہی نصیحت کرتے ہیں کہ بولنے سے پہلے سوچا کرو۔‘
لیکن جیسے کچھ لوگ دل کے ہاتھوں مجبور ہوتے ہیں اسی طرح سونم اپنی زبان سے مجبور ہیں۔ دیکھتے ہیں پاپا کا مشورہ کتنا اثر دکھاتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سلمان کی فلم رومانیہ میں؟

،تصویر کا ذریعہ
فلم ’بجرنگی بھائی جان ‘ بنانے والے فلم ساز کبیر خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فلم کو رومانیہ میں ریلیزکرنے جا رہے ہیں۔
یہ فلم رومانیہ میں 14سکرینوں پر سب ٹائٹلز کے ساتھ ریلیز کی جائے گی۔ یہاں سوچنے والی بات یہ ہے کہ سلمان خان کی فلم رومانیہ میں ہی کیوں ریلیز ہو رہی ہے؟
خیر اس ہفتے بالی ووڈ کے دبنگ خان کی فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ کے ٹریلر بھی ریلیز ہوئے اور اس کی ریلیز کے ساتھ ساتھ رومانیہ کی ٹی وی ایکٹرس جولیا وینٹور کے ساتھ ان کی منگنی کی افواہیں اڑنے لگیں۔
اب جولیا سلمان کی اچھی دوست ہیں یا اس سے زیادہ کچھ اور، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ ہاں فی الحال ان کی منگنی کی خبر سے ان کے مداحوں کو خوشی ضرور ہوئی تھی۔
کنال کا دوسرا پہلو

،تصویر کا ذریعہsare gama pa
کیا آپ جانتے ہیں کہ اداکار کنال کھیمو ایکٹنگ کے ساتھ ساتھ سکرپٹ رائٹر بھی ہیں؟
اور وہ لکھنے کی کوشش بھی کر چکے ہیں بالکل ویسے ہی جیسے اداکاری کی کوشش کرتے آ رہے ہیں۔
خیر ان کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال سکرپٹ رائٹنگ یا ڈائریکشن کے بارے میں نہیں سوچتے کیونکہ وہ اداکار کے طور پر خوش اور مطمئن ہیں۔
ویسے کنال فلموں میں اداکاری میں تو آپ کافی عرصے سے قسمت آزما رہے ہیں کیوں نہ اپنے دوسرے ہنر کو بھی آزما کر دیکھ لیں شاید کامیابی مل جائے۔







