سلمان کے لٹنے کی خبر اور شاہ رخ کا نیا انداز

اطلاعات کے مطابق سلمان خان نے اپنی سکیورٹی میں اضافے کی بات کہی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق سلمان خان نے اپنی سکیورٹی میں اضافے کی بات کہی ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

اس ہفتے میڈیا میں سلمان خان کے لٹنے کی خبریں گشت کرتی رہیں۔ خبروں کے مطابق ممبئی کے ایک نائٹ کلب میں چار حسینائیں سلمان کی فین بن کر آئیں اور باتوں ہی باتوں میں ان کا والیٹ، سن گلاسز (دھوپ کے چشمے) اور پینڈنٹ لے اڑیں۔

اب کوئی ’چلبل پانڈے‘ سے پوچھے کہ بھائی جان اتنا کچھ ہو گیا اور آپ کو پتہ بھی نہیں چلا، یہ کیسے ہوا؟

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/10/151010_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

ان کی بہن ارپتا کا کہنا ہے کہ سلمان کسی نائٹ کلب نہیں گئے تھے لیکن پروڈیوسر نندتا سنگا نے بعض اخبارات سے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق انھوں نے کوئی شکایت درج کرنے کے بجائے اپنی سکیورٹی میں اضافے کی بات کہی ہے۔

پروموشن کا نیا انداز

شاہ رخ اپنی کسی فلم سے کوئی تصویر پوسٹ کرکے دل والے کا پروموشن کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ اپنی کسی فلم سے کوئی تصویر پوسٹ کرکے دل والے کا پروموشن کر رہے ہیں

آج کل فلم آنے سے پہلے اس کے پروموشن پر پروڈیوسرز کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں۔ فلم کے ہیرو ہیروئن ایونٹس پر جاتے ہیں، بیرن ممالک کے دورے ہوتے ہیں۔

لیکن شاہ رخ خان نے پروموشن کا ایک سستا اورآسان طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے وہ یہ کہ شاہ رخ ہر روز اپنی آنے والی فلم ’دل والے‘ سے متعلق کوئی تصویر ٹوئٹ کر دیتے ہیں تو کبھی شوٹنگ سے متعلق کوئی واقعہ۔

حال ہی کی بات ہے پاکستانی اداکارہ مائرہ خان جو کہ فلم رئیس میں شاہ رخ کے ساتھ بطور ہیروئن کام کر رہی ہیں جب انھوں نے ٹوئٹر پر کاجول کے ساتھ ان کی ایک تصویر دیکھی تو ٹویٹ کا جواب لکھا: ’واؤ آپ دونوں کی جوڑی کتنی اچھی لگ رہی ہے۔‘

ایسے میں شاہ رخ کہاں چپ رہنے والے تھے جھٹ سے واپس ٹویٹ کیا کہ فلم ’رئیس‘ میں ’ہماری جوڑی بھی بہت اچھی لگے گی۔‘ لگتا ہے کہ فلم کی پروموشن کا شاہ رخ کا یہ نیا سٹائل بہت مشہور ہونے والا ہے۔

قطرینہ بڑی فلمیں کیوں چھوڑ رہی ہیں؟

شاید قطرینہ کو کپور خاندان کی بہو بننے کا گرین سگنل مل گیا ہے
،تصویر کا کیپشنشاید قطرینہ کو کپور خاندان کی بہو بننے کا گرین سگنل مل گیا ہے

ایسا لگتا ہے کہ اداکارہ اسین کی طرح اب قطرینہ کیف بھی گھر بسانے کی تیاری میں ہیں کیونکہ جس طرح وہ بڑے بڑے بینرز کی فلمیں کرنے سے انکار کر رہی ہیں اس سے ایسا لگتا ہے کہ کپور خاندان نے انھیں بہو بنانے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔

حال ہی میں قطرینہ کیف کئی فلموں کا حصہ بنتے بنتے رہ گئیں اب انھوں نے فلمیں خود چھوڑیں یا پھر مل نہیں پائیں یہ کہنا مشکل ہے۔

البتہ کہا یہ جا رہا ہے کہ روہت شیٹی کی فلم ’دل والے‘ اور سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’باجی راؤ مستانی‘پہلے انھیں آفر ہوئی تھیں ان کی ایک قریبی دوست کا کہنا ہے کہ ان فلموں کو چھوڑنے کی وجہ ذاتی ہے، اب وہ اپنے کام کا بوجھ کم کر رہی ہیں تاکہ لائف میں سیٹل ہو سکیں۔

اس سے پہلے بھی رنبیر اور قطرینہ کے بارے میں اسی طرح کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ اس بار بھی کیا صرف خبر ہی ہے یا پھر واقعی خوشخبری۔

حسن کے ساتھ نزاکت آئی جاتی ہے

نوازالدین میور سوٹنگز کے برانڈ امبیسیڈر قرار پائے ہیں

،تصویر کا ذریعہHardly Anonymous Pr

،تصویر کا کیپشننوازالدین میور سوٹنگز کے برانڈ امبیسیڈر قرار پائے ہیں

کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ ایک دن نواز الدین صدیقی شاہ رخ خان اور سلمان خان کی جگہ لے لیں گے، نہیں ناں!

لیکن سچ یہی ہے کیونکہ نواز الدین صدیقی ’میور‘ سوٹنگز کے برانڈ امبیسیڈر بن چکے ہیں۔

’میور‘کی ماڈلِنگ اس سے قبل سلمان خان ، شاہ رخ خان اور سہواگ جیسے سٹارز کر چکے ہیں۔

ویسے یقین تو نواز بھائی کو بھی نہیں آ رہا ہے۔ کہاوت تو یہ ہے کہ ’خدا جب حسن دیتا ہے نزاکت آ ہی جاتی ہے‘ لیکن بالی وڈ میں جب خدا کامیابی دیتا ہے تو بڑی فلمیں اور بڑے برانڈز خود ہی آپ کی جانب دوڑے چلے آتے ہیں۔