سلمان کو کس نے پریشان کیا؟

راج شری پروڈکشن کی یہ فلم 12 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنراج شری پروڈکشن کی یہ فلم 12 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بجرنگی بھائی جان یعنی سلمان خان کسی نہ کسی طرح میڈیا میں چھائے رہتے ہیں کبھی تنازعات کے سبب تو کبھی فلموں کی وجہ سے تو کبھی اپنے سوشل ورک کے لیے اب سلمان خان جہاں ٹی وی شو ’بگ باس نائن‘ میں ’ڈبل ٹربل‘ کی بات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سیزن میں ’ڈبل ٹربل‘ ہوگی اور یہ بھی کہ وہ نئی‘ فلم ’سلطان‘ میں وہ ڈبل سائز میں نظر آنے والے ہیں۔

سلطان میں سلمان ایک ریسلر کے کردار میں نظر آئیں گے۔ چلیں اب انڈسٹری کے خان پہلوان اور باکسر کے کردار میں آئیں گے تو بالی وڈ میں ایسے کرداروں کی بھیڑ چال شروع ہو جائے گی۔ انڈسٹری میں پہلوانوں کا دنگل شروع ہو جائے گا۔

سلمان خان کی نئی آنے والی ’فلم پریم رتن دھن پایو‘ کے ٹریلر نے دھوم مچا دی ہے اور ریلیز کے 24 گھنٹوں میں تقریباً 50 لاکھ لوگ اس ٹریلر کو دیکھ چکے ہیں۔ یہ تو ٹریلر تھا پکچر ابھی باقی ہے دوستو۔ راج شری پروڈکشن کی یہ فلم 12 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔

کیا آپ کو اکشے کھنہ یاد ہیں؟ وہی اکشے کھنہ جو کافی عرصے سے انڈسٹری سے غائب ہیں۔ خبریں ہیں کہ اکشے کھنہ اب روہت دھون کی فلم ’ڈھشُم‘ سے واپسی کر رہے ہیں۔ خبریں تو یہ بھی ہیں کہ اکشے ایک ہینڈسم ولن کے کردار میں نظر آنے والے ہیں۔

اکشے کھنہ اس سے پہلے بھی ولن کا کامیاب کردار نبھا چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناکشے کھنہ اس سے پہلے بھی ولن کا کامیاب کردار نبھا چکے ہیں

یوں تو اکشے کھنہ بہت ٹیلنڈڈ اداکار ہیں پہلے بھی ولن کا کامیاب کردار نبھا چکے ہیں جس کی مثال فلم ’ہمراز‘ اور ’نقاب‘ ہیں لیکن اس مرتبہ اکشے کھنہ سٹائلِش افغان کے کردار میں ہوں گے۔ فلم کے ہیرو ورون دھون اور جیکلین فرنانڈیز ہیں۔ اکشے کھنہ کے مداحوں کو ان کے اس نئے کردار کا انتظار رہے گا۔ انڈسٹری کو ’پی کے‘، تھری ایڈیٹس‘ اور ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ جیسی کامیاب فلمیں دینے والے ہدایت کار راج کمار ہیرانی اب اداکار سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے جا رہے ہیں۔

راج کمار ہیرانی کا کہنا ہے کہ سنجے دت چاہتے تھے کہ ان کی زندگی پر وہ فلم بنائیں اور انھوں نے سنجے دت سے وعدہ کیا ہے کہ وہ کہانی کو پوری ایمانداری کے ساتھ لکھیں گے۔ فلم میں سنجے کو بالکل ویسا ہی دکھائیں گے جیسے وہ ہیں۔

سنجے دت سنہ 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کے کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں اور فی الحال ضمانت پر جیل سے باہر ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسنجے دت سنہ 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کے کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں اور فی الحال ضمانت پر جیل سے باہر ہیں

سنجے دت جو سنہ 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کے کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں اور فی الحال ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔ راج کمار ہیرانی کی کہانی کی سچائی اور ایمانداری کیا سینسر بورڈ ہضم کر پائے گا۔ انڈسٹری میں ’کنگ آف بالی وڈ ‘ کہے جانے والے شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ کیمرے کے پیچھے ان کی زندگی ایک عام ایک جیسی ہے۔

کیمرے کے پیچھے میری زندگی ایک عام آدمی جیسی ہے: شاہ رخ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکیمرے کے پیچھے میری زندگی ایک عام آدمی جیسی ہے: شاہ رخ

شاہ رخ ٹوئٹر پر ایک ’چیٹ سیشن‘ کے دوران اپنے مداحواں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ جب کسی نے ان سے پوچھا کہ سپر سٹار بننے کے بعد کیا وہ اپنی ایک عام آدمی کی زندگی کو ’مس‘ کرتے ہیں تو شاہ رخ کا کہنا تھا کہ کہ بلکل نہیں کیونکہ پردے کے پیچھے وہ ایک عام آدمی کے جیسی زندگی ہی گزارتے ہیں۔

اب کوئی شاہ رخ سے یہ تو پوچھے کہ کیا عام لوگوں کے پاس ان کے جیسا عالیشان گھر، سکیورٹی گارڈز اور گاڑیوں کا کارواں ہے؟