ایشوریہ اور سونم کپور کانز کے لیے منتخب

ایشوریہ رائے کے بعد سونم کپور لا او ریئل کی برانڈ ایمبیسیڈر بنی تھیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنایشوریہ رائے کے بعد سونم کپور لا او ریئل کی برانڈ ایمبیسیڈر بنی تھیں

ایشوریہ اور سونم کپور کانز کے لیے منتخب

بالی وڈ اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اور سونم کپور ایک بار پھر سے فرانس میں منعقد ہونے والے کانز انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی رونق بڑھانے کے لیے ریڈ کارپٹ پر ہوں گی۔

رواں سال مئی 13 سے 24 تک جاری رہنے والے میلے میں بالی وڈ کی یہ دونوں خوبصورت ادکارائیں لوریئل کی برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر جلوہ افروز ہوں گي۔

کاسمیٹکس کمپنی لوریئل نے اپنے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔

اس سے قبل بھی ایشوریہ رائے اور سونم کپور پیرس میں ہونے والی اس بین الاقوامی فلمی میلے میں شامل ہو چکی ہیں۔

اس کے علاوہ فلم ’دوئے جو ان نائٹ‘ (دو دن، ایک رات) کی سکریننگ کے موقع پر سنہ 2014 میں بھی ایشوریہ وہاں موجود تھیں۔

سلمان خان کے خلاف ہٹ اینڈ رن کے علاوہ کالے ہرن کا معاملہ بھی برسوں سے زیر سماعت ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کے خلاف ہٹ اینڈ رن کے علاوہ کالے ہرن کا معاملہ بھی برسوں سے زیر سماعت ہے

سلمان خان کے کیس میں نیا موڑ

بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کے خلاف سنہ 2002 کے ایک ہٹ اینڈ رن یعنی گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔

سلمان خان کے وکیل نے مقدمے کی سماعت کے دوران جج کو بتایا کہ اس واقعے میں لوگ شدید زخمی نہیں ہوئے تھے بلکہ جب ان کی کار کو ایک کرین کی مدد سے ہٹایا جا رہا تھا تو متاثرہ افراد اس کی زد میں آ گئے تھے۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ 28 ستمبر سنہ 2002 کی شب پیش آیا تھا جس میں سلمان خان نے اپنی ٹیوٹا لینڈ کروزر کو ممبئی میں باندرہ کے ایک علاقے میں ایک بیکری کو گھسا دی تھی اور اس میں ایک شخص ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق وکیل صفائی شری کانت شیواڈے نے اپنی حتمی دلیل میں جج ڈبلیو ڈی دیش پانڈے کو بتایا: ’ایسے شواہد ہیں جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ حادثے کے بعد جب کار کو ایک کرین کی مدد سے اٹھایا جا رہا تھا تو اس کے نيچے جو لوگ تھے وہ اس کی زد میں آگئے۔‘

انھوں نے کئی گواہان کے بیان پڑھ کر سنائے کہ بستر کی چادر یا تکیے کے غلاف پر خون کا کوئی نشان نہ تھا اور نہ ہی سیڑھی پر کوئی خون کا نشان تھا۔

فرحان اختر عام طور پر سماجی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا تعاون دیتے رہتے ہیں

،تصویر کا ذریعہ HOTURE IMAGES

،تصویر کا کیپشنفرحان اختر عام طور پر سماجی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا تعاون دیتے رہتے ہیں

فرحان اختر چھوٹے پردے کی جانب؟

بالی وڈ کے سپر سٹارز کے بعد اب اداکار فرحان اختر کی بھی چھوٹے پردے یعنی ٹی وی میں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ خاتون کو بااختیار بنانے والے پیغام پر مبنی سرکاری ٹی وی چینل دوردرشن کے سیریل ’میں کچھ بھی کر سکتی ہوں‘ کے دوسرے سیزن میں نظر آ سکتے ہیں۔

ممبئی میں اس سیریل کے بارے میں ایک پریس کانفرنس میں فرحان نے کہا: ’ہم اپنی تنظیم ’مرد‘ کے ذریعہ جنسی عدم مساوات کے خلاف اور خواتین کو بااختیار پر کام کر رہے ہیں۔ میں یہاں اس سے اپنا مکمل تعاون پیش کرنے آیا ہوں۔‘

انھوں نے کہا: ’میں چاہتا ہوں کی یہ سیریل کئی زبانوں میں بنے اور گاؤں گاؤں میں لوگوں تک پہنچے۔ جہاں تک اس سیريئل میں میرے کام کرنے کی تعلق ہے تو بہت جلد آپ کو اس کے بارے میں علم ہو جائے گا۔‘

فی الحال فرحان اپنی آنے والی فلم ’دل دھڑکنے دو‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ اس فلم میں فرحان کے ساتھ پرینکا چوپڑہ، رنویر سنگھ، انیل کپور اور انوشكا شرما ہیں۔

فلم کی ہدایت کاری فرحان کی بہن زويا اختر نے کی ہے۔