عامر اور سلمان کی 20 سالہ دوستی میں دراڑ؟

ایک بار پھر بالی وڈ کے دو خانوں کے درمیان تلخ و شیریں نوك جھونك کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
لیکن اس بار وہ دو خان شاہ رخ اور سلمان نہیں ہیں، بلکہ اس بار باتیں عامر اور سلمان کے درمیان ہیں۔
ایک آن لائن ویب سائٹ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق، یہ باتیں ممبئی کے باندرہ میں واقع عامر کے گھر پر ہوئیں۔
بالی ووڈ میں ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کے نام سے معروف عامر خان نے اپنے گھر پر ایک پارٹی رکھی جس میں چند قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں سلمان خان بھی شامل تھے۔
پارٹی شروع ہوتے ہی عامر نے مائک سنبھالا اور سلمان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی تعریف کرنے لگے۔

اس دوران عامر نے جوش میں آ کر سلمان خان کی فلموں کے انتخاب پر سوالیہ نشان لگا دیے۔
عامر نے کہا: ’سلمان کے اکاؤنٹ میں بہت سی سپر ہٹ فلمیں آئیں، لیکن اس سے پہلے ان کی فلموں میں ایسی پختگی نظر نہیں آئی۔‘ ان کا اشارہ فلم بجرنگی بھائی جان کی جانب تھا۔
انھوں نے مزید کہا: ’سلمان سکرپٹ اور کہانی کی فکر نہیں کرتے بلکہ چیزوں کو سہل طور پر لیتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سلمان کو یہ تبصرہ تیکھا لگا اور انھوں نے فوری طور پر عامر کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’خواہ میں عامر کی طرح محنت نہیں کر سکتا، لیکن کم از کم اپنے ڈائریکٹر اور مصنفین کو کریڈٹ تو دیتا ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
اس کے بعد سلمان نے پارٹی سے نکلتے وقت عامر کو ’فیک‘ (مصنوعی یا جعلی) تک کہہ دیا۔
سلمان کے اس تبصرہ کے بعد عامر کی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور ذرائع کے مطابق 20 سال پرانی دوستی میں دراڑ پڑ گئی۔
بالی ووڈ کی راہداریوں میں یہ خبریں بھی گشت کر رہی ہیں کہ دونوں ستاروں کے درمیان اپنی آنے والی فلموں کی سٹوري لائن ملنے کی وجہ سے بھی یہ تلخی آئی ہے۔
خیال رہے کہ عامر کی فلم ’دنگل‘ اور سلمان کی ’سلطان‘ کی کہانی بہت کچھ ملتی جلتی ہے۔







