’یہ پھلم کیا ہوتا ہے بھائی؟‘

ارشد وارثی کی آنے والی فلم کا نام ’ویلکم ٹو کراچی‘ ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنارشد وارثی کی آنے والی فلم کا نام ’ویلکم ٹو کراچی‘ ہے

بالی وڈ اداکار ارشد وارثی نے اپنی آنے والی فلم ’ویلکم ٹو کراچی‘ کے متعلق صحافیوں سے بات چیت کے پروگرام میں مذاق کی حد پار کرتے ہوئے میڈیا کے ساتھ ’بدتمیزی‘ کی۔

اس کے بعد ارشد نے ٹویٹ کر کہا ہے: ’آج میں نے اپنے سینس آف ہیومر سے دو صحافیوں کا دل دکھا دیا۔۔۔ لگتا ہے مجھے اپنے مزاح کا پہلو اپنے دوستوں تک ہی محدود رکھنا ہو گا۔‘

ارشد وارثی سے جب ان کی فلم میں استعمال ہونے والی نازیبا زبان کا سبب دریافت کیا گیاتو انھوں نے پہلے ایک خاتون صحافی کے ساتھ بدتمیزی کی۔

ارشد نے کہا: ’ہم ہمالیہ گئے تھے اور کچھ گھنٹے غور کرنے کے بعد طے ہوا کہ ایسا کیا جانا ہے ۔۔۔ یہ بےوقوفی بھرا سوال ہے، اگلا سوال۔‘

اس کے بعد ایک نئے صحافی نے سوال کرتے وقت فلم کو ’پھلم‘ کہہ دیا تو ارشد نے کہا: ’یہ پھلم کیا ہوتا ہے بھائی؟‘

جب اس صحافی نے اپنے الفاظ کے غلط تلفظ کی وجہ منہ کے چھالے کو بتایا تو ارشد نے کہا: ’میرا بھی گلا خراب ہے اور آپ کا دماغ خراب ہے۔‘

ارشد وارثی اپنے مزاحیہ کرداروں اور انداز کے لیے معروف ہیں
،تصویر کا کیپشنارشد وارثی اپنے مزاحیہ کرداروں اور انداز کے لیے معروف ہیں

ارشد نے اس وقت تو حد کر دی جب ان سے اداکار عرفان خان کے بارے میں پوچھا گیا۔ عرفان پہلے اس فلم کا حصہ تھے لیکن اب ان کی جگہ اب ان کا کردار جیکی بھگناني ادا کر رہے ہیں۔

اس سوال پر ارشد وارثی نے کہا: ’میں ایک چیز صاف صاف کہہ دینا چاہتا ہوں کہ ممبئی مرر میں جو میرا انٹرویو شائع ہوا ہے، اس میں میں نے کبھی نہیں کہا کہ عرفان بہتر چوائس ہوتے یا عرفان کو فلم میں ہونا چاہیے تھا. میں نے کہا تھا کہ عرفان مختلف قسم کے اداکار ہیں اور جیکی نے فلم کو نیا روپ دیا ہے۔ میں نے یہ بھی نہیں کہا کہ لارین گٹیلیب اب فلم کی ہیروئن نہیں ہیں۔‘

ممبئی مرر کی صحافی کا نام لیتے ہوئے ارشد نے کہا: ’آئی ول رپ یور ایس۔‘

بالی وڈ کے کئی اداکار اور اداکارائیں حال ہی میں میڈیا کے ساتھ بدسلوکی کرتے آئے ہیں۔ اس ٹرینڈ میں ارشد وارثی کے علاوہ جس فن کاروں کے نام سامنے آئے ان میں جیہ بچن، وكرمادتيہ موٹواني، انوراگ کشیپ، سلمان خان وغیرہ شامل ہیں۔