نصیر الدین شاہ کے سامنے شرما گئی تھی: مادھوری

فلم کے ٹریلر لانچ کے موقعے پرمادھوری نے نصیر جیسے منجھے ہوئے اداکار کے ساتھ پردۂ سیمیں پر اپنے معاشقے کے تجربات بیان کیے
،تصویر کا کیپشنفلم کے ٹریلر لانچ کے موقعے پرمادھوری نے نصیر جیسے منجھے ہوئے اداکار کے ساتھ پردۂ سیمیں پر اپنے معاشقے کے تجربات بیان کیے

بالی وڈ کے معروف اداکار نصیر الدین شاہ اور اداکارہ مادھوری دکشت کے رومانس کے بارے میں سننا اپنے آپ میں قدرے مختلف بات ہے۔

تاہم وشال بھاردواج کی فلم ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں ناظرین کو یہ رومانوی مناظر نظر آئیں گے۔ اس فلم کی ہدایت ابھیشیک چوبے نے کی ہے۔

فلم کے ٹریلر لانچ کے موقعے پر نصیر الدین شاہ تو نہیں آئے لیکن مادھوری دکشت تشریف لائیں جہاں انھوں نے نصیر جیسے منجھے ہوئے اداکار کے ساتھ پردۂ سیمیں پر اپنے معاشقے کے تجربات بیان کیے۔

مادھوری نے بتایا: ’مجھے ہمیشہ سے ہی ان کی آنکھوں میں عجیب سی کشش نظر آتی ہے۔ اسی لیے ان کے ساتھ رومانٹک مناظر ادا کرتے وقت میں کئی بار شرما گئی لیکن یہ تجربہ بہترین تھا۔‘

مادھوری دکشت نے بتایا کہ فلم میں کام کرنے سے پہلے انھیں بتایا گیا تھا کہ نصیر سیٹ پر کئی بار کسی بھی بات پر جھنجھلا جاتے ہیں۔ لیکن ’ڈیڑھ عشقیہ‘ کے سیٹ پر ایسا بالکل بھی نہیں ہوا اور فلم کے دوران وہ بے حد ہنسی مذاق کے موڈ میں نظر آئے۔

’ڈیڑھ عشقیہ‘ سنہ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’عشقیہ‘ کا سيكوئل ہے۔ اس میں مادھوری اور نصیر کے علاوہ ہما قریشی اور ارشد وارثی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

مادھوری نے 80 کی دہائی میں اپنا کریئر شروع کیا تھا اور کئی کامیاب فلمیں دینے کے بعد وہ شادی کر کے فلموں سے طویل عرصے تک دور رہیں لیکن اس کے بعد انہوں نے دوبارہ بالی وڈ میں قدم جمانے کی کوشش کی ہے۔

اس زمانے سے آج کے دور کا موازنہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’اب سب کچھ منصوبہ بند طریقے سے ہونے لگا ہے۔ سکرپٹ تیار ملنے لگا ہے، ماحول میں ڈسپلن رہنے لگا ہے، جس کے سبب فنکاروں کے لیے کام کرنا آسان ہو گیا ہے۔‘

فلم میں ہما قریشی اور مادھوری دکشت کو ایک گانے میں ڈانس کرنا تھا اور ہما اس سے پہلے کافی نروس تھیں۔

ہما نے بتایا: ’میں نے ہدایت کار ابھیشیک چوبے سے کہا کہ آپ پاگل ہو کیا کہ جو مجھے مادھوری جیسی اداکارہ کے ساتھ ڈانس کرنے کو کہہ رہے ہو؟ میں بہت گھبرائی ہوئی تھی، لیکن مادھوری کے تعاون کی وجہ سے سب ٹھیک سے ہو گیا۔‘

ڈیڑھ عشقیہ فلموں کے علاوہ مادھوری دکشت ’گلابی گینگ‘ نام کی فلم میں بھی کام کر رہی ہیں، جس میں وہ ایک گینگسٹر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔اس فلم میں جوہی چاولہ بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ڈیڑھ عشقیہ سنہ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم عشقیہ کا سيكوئل ہے
،تصویر کا کیپشنڈیڑھ عشقیہ سنہ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم عشقیہ کا سيكوئل ہے