سیف اور کرینہ ہندی فلمیں نہیں دیکھتے

سیف علی خان امریکی ٹی وی شوز دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں
،تصویر کا کیپشنسیف علی خان امریکی ٹی وی شوز دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں

ہندی فلموں کے معروف سٹار سیف علی خان اور ان کی بیوی کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ وہ ہندی فلمیں نہیں دیکھتے۔

یہاں تک کہ کرینہ کپور نے ابھی تک اپنے چچازاد بھائی رنبیر کپور کی سپر ہٹ فلم ’برفي‘ بھی نہیں دیکھی۔

سیف علی خان اپنی اس عادت کے بارے میں کہتے ہیں کہ دن بھر سیٹ پر فلمی ماحول میں رہنے کے بعد چھٹی ملنے پر وہی چیزیں ٹی وی یا سینما ہال میں دیکھنا انہیں پسند نہیں۔

سیف نے کہا: ’ہم ٹی وی پر وہ کچھ دیکھنا پسند کرتے ہیں جس سے کوئی نئی چیز سیکھنے کا موقع ملے اور اپنے ساتھی فنکاروں کے کام کو دیکھ کر کوئي نئی چیز سامنے نہیں آتی۔‘

شاید اس لیے سیف علی خان امریکی ٹی وی شوز دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔

ان کی نئی فلم ’بلٹ راجا‘ آئندہ جمعے کو ریلیز ہو رہی ہے، جب کہ کرینہ کپور کی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ اس جمعے کو ریلیز ہوئی۔

’اگر مادھوری انکار کردیتیں تو فلم نہ بناتا‘

’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں مادھوری کے ساتھ ہما قریشی ہیں
،تصویر کا کیپشن’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں مادھوری کے ساتھ ہما قریشی ہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن کے بعد اب مادھوری دکشت معروف اداکار نصیرالدین شاہ کے ساتھ پردے پر عشق فرماتي نظر آئیں گی۔

ابھیشیک چوبے کی ہدایت میں بننے والی فلم ’ڈیڑھ عشقیہ‘ کا ٹریلر باضابطہ طور پر پیر کو ریلیز ہو رہا ہے۔

’عشقیہ‘ کی طرح اس فلم میں بھی نصیر الدین شاہ اور ارشد وارثی نے اہم کردار نبھائے ہیں۔ جہاں پہلی فلم ’عشقیہ‘ میں دو ہیرو اور ایک ہیروئن تھیں ، وہیں ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں ہیروئینیں بھی دو ہوں گی۔

مادھوری دکشت نصیرالدین شاہ کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئیں گی تو ارشد وارثی ہما قریشی کے ساتھ اپنے مخصوص انداز میں دکھائی دیں گے۔

فلم ساز وشال بھاردواج کا کہنا ہے کہ اس فلم کے کردار کے لیے شروع سے ہی مادھوری دکشت انھیں پسند تھیں اور اگر وہ اس کردار کو ادا کرنے سے انکار کر دیتیں تو وہ ’ڈیڑھ عشقیہ‘ بناتے ہی نہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ فلم آئندہ سال دس جنوری کو ریلیز ہورہی ہے۔

’گوری تیرے پیار میں‘ کے بارے میں سرد مہری

گوری تیرے پیار میں کو شائقین کی جانب سے سرد مہری کا سامنا ہے
،تصویر کا کیپشنگوری تیرے پیار میں کو شائقین کی جانب سے سرد مہری کا سامنا ہے

بالی وڈ کے سینما شائقین نے گذشتہ جمعے کو ریلیز ہونے والی عمران خان اور کرینہ کپور کی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کے بارے میں ٹھنڈے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلم ریلیز ہونے کے پہلے تین دنوں کے دوران کرن جوہر جیسے بڑے فلم ساز اور فلم میں کرینہ کپور جیسی بڑی سٹار ہونے کے باوجود ناظرین نے اس فلم کو مسترد کر دیا۔

فلم کاروبار کے ماہرین کے مطابق ’گوری تیرے پیار میں‘ نے پہلے دن تقریباً ساڑھے تین کروڑ روپے کمائے، جو کہ اتنے بڑے بینر کی فلم کے لیے بے حد مایوس کن کار کردگی ہے۔ اگلے دن بھی فلم کو ناظرین سے کوئی سہارا نہ ملا اور اس کا کاروبار تین کروڑ روپے سے بھی کم رہا۔

دوسری جانب اسی دن ریلیز ہونے والی سنّی دیول کی فلم ’سنگھ صاحب دی گریٹ‘ کا کاروبار ’گوری تیرے پیار میں‘ سے کہیں بہتر رہا۔ سنّی کی اس فلم نے پہلے دن قریب چار کروڑ 75 لاکھ روپے بٹور لیے تھے۔