سوناکشی: مجھے چھوٹے قد کے لڑکے اچھے نہیں لگتے

بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا نے فلم ’دبنگ‘ سے اپنا کرئیر شروع کیا جس میں ان کے ہیرو تھے، سلمان خان جن کا قد تقریباً سوناكشي ہی کے برابر ہے۔ ان کی آنے والی فلم ’آر۔۔۔راجکمار‘ ہے اور اس میں ان کے ساتھ شاہد کپور ہیں۔ ان کا قد بھی سوناكشي جتنا ہی ہے۔ لیکن اصل زندگی میں سوناكشي کو لمبے قد و قامت کے لڑکے پسند ہیں۔
’آر۔۔۔راجکمار‘ کے پروموشن پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’مجھے چھوٹے قد کے لڑکے پسند نہیں۔ میں اپنے لیے ایسے طویل قامت اور اچھے سینس آف ہيومر (حسِ مزاح) والے لڑکے کو پسند کروں گی جو ذہین ہو، جس کے ساتھ بات کرنے میں لطف آئے اور جو خوش نظر ہو۔‘
اپنے ساتھی فنکاروں میں وہ اکشے کمار اور دیپیکا پاڈوکون کے انداز سے متاثر ہیں۔ سوناكشي کے مطابق: ’اکشے اور دپیکا جو بھی پہن لیتے ہیں ان پر اچھا لگتا ہے۔ دونوں کو اپنے آپ کو ہینڈل کرنا بخوبی آتا ہے۔‘
دریں اثنا یہ خبریں آئی تھیں کہ سلمان خان ان سے ناراض ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنی فلم ’کک‘ میں سوناكشي کو لینا چاہتے تھے لیکن بات نہیں بنی اس وجہ سے سلمان مبینہ طور پر ان سے ناراض ہو گئے ہیں۔

سوناكشي نے کہا: ’سلمان اگر مجھ سے ناراض ہیں تو ان سے پوچھیے، مجھ سے کیوں پوچھ رہے ہیں۔ جہاں تک میری معلومات ہیں ایسا کچھ نہیں ہے۔ کک کے لیے مجھے بہت پہلے اپروچ کیا گیا تھا لیکن فلم شروع ہوئی نہیں اس درمیان میں نے دوسری فلمیں سائن کر لیں۔‘
کیا مستقبل میں وہ سلمان کے ساتھ کام کریں گی؟ سوناكشي کا جواب تھا: ’فی الحال تو ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ آگے کچھ ہوگا تو دیکھا جائے گا۔‘
’آر۔۔۔راجکمار‘ کے ہدایت کار پربھو دیوا ہیں اور ان کے ساتھ سوناکشی کی دوسری فلم ہے۔ اس سے قبل وہ پربھو دیوا کی ہدایت میں ’راؤڈي راٹھور‘ میں تھیں۔
فلم کے ہیرو شاہد کپور کی متواتر کئی فلمیں ناکام ہوئی ہیں۔ ’موسم‘، ’تیری میری کہانی‘ اور ’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ جیسی ان کی کئی فلمیں فلاپ ہو گئی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

ایسی صورت حال میں ان کے ساتھ کام کرنے میں کسی قسم کا ڈر تو نہیں تھا؟ اس کے جواب میں سوناكشي نے کہا: ’شاہد بہت باصلاحیت اداکار ہیں۔ ناکامی کے باوجود ان کی مارکیٹ پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ لوگ انہیں پسند کرتے ہیں۔ اور اس فلم کے بارے میں ہم دونوں ہی پر امید ہیں۔‘
فلموں میں جسم کی نمائش کے سوال پر سوناكشي نے کہا: ’میں بکینی ہیروئن نہیں ہوں۔ مجھے ایسے سین کرنا پسند نہیں اور میں ایسے سین نہیں کروں گی۔‘
’آر۔۔۔راجکمار‘ چھ دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔ اس سے ایک ہفتہ پہلے سوناكشي اور سیف علی خان کی فلم ’بلٹ راجہ‘ ریلیز ہوگی۔ یعنی آنے والے دن سوناکشی سنہا کے نظر آ رہے ہیں۔







