بالی وڈ راؤنڈ اپ
رنبیر سے کتنی دوری رکھنی ہے مجھے معلوم ہے، سوناکشی

بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ہر فلم کے بارے میں اپنے والد اور معروف اداکار شتروگھن سنہا کو بتاتی ہیں۔
بہر حال ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلم سائن کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے آخری فیصلہ ان کا اپنا ہوتا ہے۔
سوناکشی سنہا اور رنبیر سنگھ کی فلم ’لٹیرا‘ پانچ جولائی کو ریلیز ہوئی ہے۔
بی بی سی سے خاص بات چیت میں انہوں نے اپنے سے کام کرنے والے اداکار رنبیر سنگھ کی دل پھینگ شبیہ کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان سے کتنی دوری برقرار رکھنی ہے۔
سوناكشي نے کہا: ’وہ ایک انتہائی زندہ دل انسان ہیں۔ انہیں کیسے سنبھالنا ہے اور ان سے کتنی دوری برقرار رکھنی ہے یہ میں اچھی طرح سے جانتی ہوں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ صرف کام سے کام رکھنا چاہئے۔ رنبیر کافی محنتی اور باصلاحیت اداکار ہیں۔‘
فالتو نغمے میں گاتا نہیں، سونو نگم

کچھ سال قبل تک گلوکار سونو نگم ہر دوسرے موسیقار کی پسند ہوا کرتے تھے لیکن آج کل سونو نگم بہت کم نغمے گا رہے ہیں۔
بی بی سی نے جب سونو نگم سے ان کے کم گیتوں کو آواز دینے کے بارے میں دریافت کیا تو انھوں نے کہا: ’دیکھئے، فالتو نغمے میں گاتا نہیں اور جو دوسرے باصلاحیت موسیقار ہیں وہ انہی گلوکاروں سے گیت اور نغمے گانے کا آفر دیتے ہیں جو ان کے كنسرٹس میں گانے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔‘
سونونگم مزید کہتے ہیں: ’میں موسیقاروں کے پاس نہیں جاتا۔ انہیں میرے پاس آنا ہوگا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سونو نگم آنے والی فلم ’لو یو سونيو‘ کے گیت گا رہے ہیں۔ اسی کے میوزک لانچ پر انہوں نے بی بی سی سے خاص بات کی۔
وہ یہ نہیں مانتے کہ ان کے پاس کام کی کمی ہے۔ وہ کہتے ہیں: چاہے فلم اگنی پتھ کا ’اب مجھ میں کہیں باقی ہے‘ یا چشم بددور کا ’ہر ایک فرینڈ کمینہ ہوتا ہے‘ جیسے میرے نغمے اب بھی ہٹ ہو رہے ہیں۔
انھوں نے اپنے کیریئر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ گائیکی کا کریئر شروع ہونے کے 22 سال بعد اب بھی مجھے کام مل رہا ہے۔‘
بچے کے بجائے میری فلم پر توجہ دیں، شاہ رخ

کرائے کی کوکھ کے ذریعہ ایک بیٹے کا باپ بننے کی خبروں کے درمیان فلم اداکار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ یہ ان کا انتہائی ذاتی اور رازدارانہ معاملہ ہے۔
ممبئی کے میریٹ ہوٹل میں بدھ کو اپنی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کے میوزک لانچ کے لئے منعقد تقریب میں شاہ رخ ایک بار پھر باپ بننے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اس موضوع پر جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ افسوس اور خوشی کا ملا جلا معاملہ ہے۔
شاہ رخ نے کہا: ’میں متعلقہ حکام کے ساتھ تمام لوگوں سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ جتنا جوش و خروش میرے بچے کی جانچ اور تحقیقات میں دکھا رہے ہیں، اتنی سنجیدگی کسی اور معاملے میں دکھائیں۔‘
انہوں نے کہا: ’اس معاملے کا افسوسناک پہلو جب ختم ہوگا تو میں ساری باتیں آپ سب سے شیئر کروں گا۔ اس لیے آپ میرے بچے کی جگہ میری آنے والی فلم پر توجہ دیں۔‘







