بالی وڈ راؤنڈ اپ

    • مصنف, صائمہ اقبال
    • عہدہ, بی بی سی، دہلی

شاہ رخ کی بے حسی کا اعتراف

شاہ رخ خان گزشتہ 22 برسوں سے فلموں میں ہیں اور ان کے مطابق ان کی زندگی فلمی ہو کر رہ گئی ہے
،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان گزشتہ 22 برسوں سے فلموں میں ہیں اور ان کے مطابق ان کی زندگی فلمی ہو کر رہ گئی ہے

شاہ رخ خان ان دنوں اپنی فلم ’چنّئی ایکسپریس‘ کی تشہیر میں لگے ہوئے ہیں لیکن انھوں نے کہا کہ فلموں میں کام کرنے سے وہ بے حس ہو گئے ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے اپنے کچھ انجانے پہلو کے بارے میں بات کی۔

انھوں نے کہا ’میری زندگی فلموں میں پوری طرح رچ بس گئی ہے۔ میں کئی طرح کے کام کرتا ہوں۔ میری وی ایف ایکس کمپنی ہے، کرکٹ کی ٹیم ہے لیکن مجھے صرف فلموں میں ہی کام کرنا آتا ہے۔ فلم بنانے کا پورا عمل مجھے بڑا رومانی احساس دیتا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اتنے برسوں تک اس طرح کی زندگی جینے کے بعد آپ ذرا بے حس ہو جاتے ہیں۔ ہر صبح جب آپ اُٹھتے ہیں اور کسی دوسرے کا کردار نبھا رہے ہوتے ہیں، کوئی آپ سے کہے کہ ہنسو تو آپ ہنستے ہیں، ڈانس کرنے کی خواہش نہیں ہے تب بھی آپ ڈانس کرتے ہیں۔ ایسے میں آپ کی زندگی اصلیت سے دور ہو جاتی ہے۔‘

پاکستانی اداکارہ میرا کا انڈین ہیروئنوں کو چیلنج

میرا کی پہلی فلم نظر تھی پھر کسک اور اب بھڑاس
،تصویر کا کیپشنمیرا کی پہلی فلم نظر تھی پھر کسک اور اب بھڑاس

معروف فلم ساز مہیش بھٹ کی فلم ’نظر‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی پاکستانی اداکارہ میرا جلد ہی ایک اور بھارتی فلم ’بھڑاس‘ میں اداکاری کریں گی۔

ان کی فلم 28 جون کو ریلیز ہو رہی ہے۔ بی بی سی سے خصوصی گفتگو میں انھوں نے بتایا کہ فلم ہالی وڈ کی اداکارہ شیرون سٹون کی فلم ’بیسک انسٹنکٹ‘ سے متاثر ہے۔

نظر کے بعد ان کی فلم ’کسک‘ بھی آئی تھی اور پھر وہ کافی دنوں سے بھارتی فلموں سے غائب رہیں۔ اس بارے میں وہ کہتی ہیں: ’باہر سے آنے والے اداکاروں کے لیے بالی وڈ میں اپنی جگہ بنانا قدرے مشکل ہے۔ پاکستانی اداکاروں کے لیے یہاں کام ملنا نسبتًا آسان ہے لیکن اداکاروں کے لیے یہ انتہائی مشکل ہے کیونکہ اس میں مردوں کی اجارہ داری ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ اگر انہیں مناسب موقع ملا تو وہ اپنی صلاحیت ثابت کر سکتی ہیں۔

انھوں نے کہا: ’میں چاہتی ہوں کی پرینکا چوپڑہ اور ودیا بالن جیسی چوٹی کی اداکاروں کے ساتھ پردے پر نظر آؤں تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ زیادہ با صلاحیت کون ہے۔ ذرا کھل کر ہنگامہ ہو۔‘

میرا سلمان خان اور سیف علی خان جیسے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کرنا چاہتی ہیں۔

گھن چکّر کا چکّر

گھن چکّر چھوٹے شہر کے دو نوجوانوں کی کہانی ہے
،تصویر کا کیپشنگھن چکّر چھوٹے شہر کے دو نوجوانوں کی کہانی ہے

ان دنوں ڈاؤن ٹاؤن ممبئی میں آنے والی فلم ’گھن چكّر‘ کی پروموشن پارٹیاں ہو رہی ہیں۔ ایسے ہی ایک موقع پر گھن چكّر کے ہیرو عمران ہاشمی اور ودیا بالن ایک ساتھ نظر آئے۔

ودیا بالن ’عشقیہ‘ کے بعد سے ہی کامیابی کی بلندیاں چھو رہی ہیں اور ان کی ایک کے بعد ایک فلمیں ہٹ ہوئیں ہیں۔ انھیں بہتریں اداکارہ کے ایوارڈ سے بھی نوازا جا رہا ہے۔ ناظرین کو ان کی نئی فلم گھن چكّر سے بہت اُمیدیں ہیں۔

دوسری جانب عمران ہاشمی نے بالی وڈ میں لمبا سفر طے کیا ہے۔ انھوں نے مختلف قسم کے کردار کیے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کو ’سمجھنے میں لوگوں نے ذرا دیر لگائی‘ بہرحال انہوں نے اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں جگہ بنا لی ہے۔

’گھن چكّر کو ایک کامیڈی فلم مانا جا رہا ہے اور وہ آئندہ ہفتے ریلیز ہونے والی ہے۔