سلمان کی اپیل، سچن کی پارٹی

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے سنہ 2002 کے ’ہِٹ اینڈ رن‘ معاملے میں عدالت سے ایک بار پھر سماعت کی اپیل کی ہے۔
ان کہنا ہے کہ چونکہ اس معاملے میں ان پر حال ہی میں ’غیر ارادی قتل‘ کا الزام بھی شامل کر دیا گیا ہے اس لیے اس سلسلے میں پہلے پیش کیے گئے شواہد کو باطل قرار دیا جائے اور مقدمہ نئے سرے سے چلائے جائے۔
سلمان خان کے وکیل نے ممبئی کی ایک ذیلی عدالت میں بحث کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کو گواہوں کی موجودگی میں جرح اور غیر ارادی قتل کے الزام میں اپنا موقف پیش کرنے کا موقع اب تک نہیں دیا گیا ہے۔
استغاثہ نے اس کے جواب میں کہا کہ یہ سلمان خان کی اس کیس کو ’دانستہ طور پر التوا میں ڈالنے کی سازش‘ ہے۔
اب سیشن کورٹ میں سلمان خان کی اس اپیل پر پانچ دسمبر کو سماعت ہوگی۔
واضح رہے کہ ممبئی کے باندرہ علاقے میں 28 دسمبر 2002 کو ہونے والے ایک سانحے میں فٹ پاتھ پر خوابیدہ ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب ان پر ایک گاڑی چڑھ گئی تھی جسے مبینہ طور پر سلمان خان چلا رہے تھے۔
سیف نے فلم سے منع کیا تھا

اطلاعات کے مطابق کرینہ کپور اور عمران خان کی اداکاری سے مزین فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کے لیے پہلے سیف علی خان سے رجوع کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
فلم کے ہدایت کار پنيت ملہوترا کے مطابق پہلے اس فلم کی کہانی میں دو ہیرو اور دو ہیروئینیں تھیں اور اسی لیے وہ سیف اور عمران کو سائن کرنا چاہتے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے بتایا کہ سیف کے انکار کے بعد انہیں اس فلم کی کہانی میں تبدیلی کرنی پڑی اور اسے سولو ہیرو اور ہیروئین کی کہانی بنانی پڑی۔
واضح رہے کہ پنيت ملہوترا کے ساتھ عمران خان کی یہ دوسری فلم ہے۔ اس سے قبل وہ پنيت کی ’آئی ہیٹ لو سٹوريز‘ میں کام کر چکے ہیں۔
سچن کی پارٹی میں بالی وڈ

کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد اور بھارت کے سب سے بڑے اعزاز بھارت رتن ملنے کی خوشی میں مایہ ناز کرکٹر سچن تندولکر نے پیر کو ممبئی میں ایک زبردست پارٹی دی جس میں کرکٹ کی دنیا کے علاوہ بالی وڈ، سیاست اور صنعت کی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
لتا منگیشکر، آشا بھونسلے، امیتابھ بچن، عامر خان اور راہل بوس جیسی گراں قدر فلمی شخصیات کے علاوہ اس میں سچن تندولکر کے گرو رماكانت اچریكر اور آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز کی نيتا امبانی بھی موجود تھیں۔
ان کے علاوہ سیاست کے میدان سے مرکزی وزیر شرد پوار، مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان بھی سچن کے مہمان بنے۔
كركٹ کی دنیا سے سابق کپتان سنیل گاوسکر، سری کانت، سندیپ پاٹل اور سچن کے ساتھ کھیلنے والے سورو گانگولی، وی وی ایس لکشمن اور وریندر سہواگ نے بھی پارٹی میں شرکت کی۔
ممبئی کے اندھیری کے علاقے میں واقع ایک عالیشان ہوٹل میں منعقدہ اس پارٹی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور تمام مہمانوں کا استقبال خود سچن تندولکر اور ان کی اہلیہ انجلی تندولکر نے کیا۔







