کرینہ کے سِکس پیک، سلمان خان کی پیش گوئي

کرینہ کپور نے فلم ٹشن سے سائز زیرو کا رواج شروع کیا تھا کیا شدھی سے سکس پیک کا رواج تو شروع نہیں ہو جائے گا۔
،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور نے فلم ٹشن سے سائز زیرو کا رواج شروع کیا تھا کیا شدھی سے سکس پیک کا رواج تو شروع نہیں ہو جائے گا۔

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور بھی شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کی راہ پر گامزن نظر آئیں گی۔

اطلاعات کے مطابق ہدایت کار کرن ملہوترہ کی آنے والی فلم ’شُدھی‘ میں کرینہ سِکس پیک کے ساتھ نظر آنے والی ہیں۔

اس فلم میں کرینہ کے ساتھ معروف اداکار ِریتک روشن ہیں۔

کرن ملہوترہ اپنی فلم ’اگنی پتھ‘ کے لیے جانے جاتے ہیں۔

کرینہ کپور فی الحال اپنی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں اس کے بعد وہ مارشل آرٹس کی تربیت حاصل کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم ’شدھی‘ کی شوٹنگ دسمبر میں شروع ہوگی۔

یاد رہے کہ کرینہ نے فلم ’ٹشن‘ سے بالی وڈ میں سائز زیرو کا چلن شروع کیا تھا اور پھر ایک دوڑ شروع ہوگئی تھی۔ یہ بات دلچسپ ہے کہ کیا اب ہیروئنوں میں سِکس پیک ایبز کی دوڑ تو نہیں شروع ہو جائے گی۔

سلمان خان نے یکے بعد دیگرے کئی مسالہ فلموں میں اداکاری کی ہے اور سب ہٹ ہوئی ہیں
،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے یکے بعد دیگرے کئی مسالہ فلموں میں اداکاری کی ہے اور سب ہٹ ہوئی ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان خود ہی اپنی مسالہ فلموں کے لیے مشہور ہیں ان کی یکے بعد دیگرے کئی مسا لہ ہٹ فلمیں ہٹ ہوئیں جن میں ’دبنگ‘ سے لے کر ’باڈی گارڈ‘ اور پھر ’ایک تھا ٹائیگر‘ جیسی فلمیں شامِل ہیں۔

لیکن اطلاعات کے مطابق سلمان خان کا یہ کہنا ہے کہ اس قسم کی مسالہ فلموں کا دور اب اپنے اختتام پر ہے۔

سلمان کہتے ہیں کہ پربھو دیوا کی فلم ’وانٹیڈ‘ کے ساتھ انہوں نے فلم انڈسٹری میں اس طرح کی تفریحی مسالہ فلموں کی شروعات کی لیکن اب حال یہ ہو گیا ہے کہ ہر اداکار اس طرح کی فلمیں کر رہا ہے۔

کیا سلمان خان کا اشارہ اکشے کمار کی ’باس‘، سیف علی خان کی ’بلٹ راجا‘ اور شاہد کپور کی ’آر راجکمار‘ کی جانب تو نہیں؟

سلمان خان فی الحال معروف ٹی وی ریئلیٹی شو ’بگ باس‘ سیزن سات کو پیش کر رہے ہیں۔