بالی وڈ راؤنڈ اپ: شرلن کی روحانیت میں دلچسپی
شرلن چوپڑہ ’کام سوتر‘ سے روحانیت کی جانب

شرلن چوپڑہ بالی وڈ کی ان اداکاراؤں میں شامل ہیں جن کی شناخت ان کی اداکاری سے کہیں زیادہ ان کی بولڈ شبیہ کا مرہون منت ہے۔
بالغوں کی ایک میگزین کے لیے برہنہ فوٹو شوٹ ہو یا پھر ان کی آنے والی فلم ’کام سوتر تھری ڈی‘، وہ اپنے بولڈ اوتار کے لیے جانی جاتی ہیں۔
بہر حال اب مبصروں کے خیال میں وہ اب اپنی اس شبیہ سے نکلنا چاہتی ہیں اور شاید اسی لیے اب وہ روحانیت کی راہ پر چل پڑی ہیں۔
لیکن دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ وہ ان دنوں اپنی فلم ’کام سوتر‘ کو مکمل کرنے میں بھی مصروف ہیں۔
’ہارٹلیس‘ میرے بیٹے کے نام: شیکھر سمن

اپنے زمانے کے بالی وڈ اداکار اور ٹی وی شوز کے معروف میزبان شیکھر سمن اب بطور ہدایت کار اپنی اننگز کا آغاز کر رہے ہیں۔
اس اوتار میں ان کی پہلی فلم کا نام ’ہارٹلیس‘ ہے۔
فلم کی فرسٹ لک کی رونمائی کے موقعے سے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیکھر سمن نے بتایا کہ ان کی یہ فلم ان کے بڑے بیٹے آیوش کو معنون ہے جن کی موت دل کی ایک کم یاب بیماری کی وجہ سے ہو گئی تھی۔
اس موقعے پر مہمان خصوصی کے طور پر اداکار امیتابھ بچن کو بھی موجود تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شیکھر سمن نے کہا: ’جب مجھے پہلی بار ڈاکٹروں نے بتایا کہ میرے بیٹے کو یہ بیماری ہو گئی ہے تو مجھے بالکل یقین نہیں آیا۔میں اس وقت نوجوان تھا۔ میری سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ میں کیا کروں۔‘
فلم کے پروموشن پر امیتابھ بچن کو مدعو کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا: ’امیتابھ اتنے بڑے اور عظیم اداکار ہیں اور ہر کوئی ان کو بلانا چاہتا ہے لیکن میں نے انہیں یہاں اس لیے بلایا کہ جب مجھے پہلی بار پتہ چلا کہ میرے بیٹے کو ایسی بیماری ہے تو میں نے امِت جی کو فون کیا تھا اور انہوں نے فورا مجھے اپنے گھر بلایا تھا۔‘
شیکھر سمن نے مزید کہا: ’اگرچہ میں اپنے بیٹے کو بچا نہیں سکا لیکن امِت جی نے اس دوران ہماری ہر ممکن مدد کی۔‘
شیکھر سمن نے بتایا کہ فلم ایک رومانٹک میڈیکل تھرلر ہے اور اہم کردار ان کے چھوٹے بیٹے ادھین سمن نے ادا کی ہے۔
فلم میں ارينا آيام نے ہیروئن کا کردار نبھایا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے زمانے کی معروف اداکارہ دیپتی نول، اداکار اوم پوری اور مدن جین نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم آئندہ سال فروری میں ریلیز ہوگی۔
’مہابھارت میں ودیا بالن

بھارت کی شاہکار تخلیق ’مہابھارت‘ پر بننے والی اینی میشن فلم میں اداکارہ ودیا بالن کی آواز سنی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق اس فلم میں وہ مہا بھارت کے اہم کردار دروپدي کے مکالمے اپنی آواز میں ادا کرنے والی ہیں۔
یہ فلم 3 ڈی ہوگی۔
واضح رہےکہ اس فلم میں امیتابھ بچن بھیشم پتاما کے کردار کو آواز دے رہے ہیں۔ ان کے علاوہ اس فلم میں انیل کپور اور اجے دیوگن جیسے بڑے اداکاروں کی آوازوں کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔
ہدایت کار انوراگ اور کلکی جدائی کی راہ پر

بالی وڈ کی خبروں کے مطابق ہدایت کار انوراگ کشیپ اور ان کی بیوی اداکارہ کلکی كوچلن نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ہر چند کہ انھوں نے علیحدگی سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبروں کی تردید کی ہے لیکن انوراگ کشیپ نے ایک نوٹ میں میڈیا سے کہا: ’میں اور کلکی ایک دوسرے کو وقت دینا چاہتے ہیں اور اسی لیے ہم علیحدہ علیحدہ رہ رہے ہیں۔ ہماری ازدواجی زندگی میں کچھ مسئلے ہیں اور ہم انہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم طلاق قطعی نہیں لے رہے ہیں۔ ہم میڈیا سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر قیاس آرائیوں سے باز رہیں۔‘
واضح رہے کہ دونوں کی شادی اپریل 2011 میں ہوئی تھی۔ یہ انوراگ کی دوسری اور کلکی کی پہلی شادی ہے۔ انوراگ کشیپ کی فلم ’دیو ڈی‘ کی شوٹنگ کے دوران دونوں میں قربت بڑھی تھی۔
گذشتہ کچھ دنوں سے انوراگ کشیپ اور اداکارہ ہما قریشی کے درمیان مبینہ قربتوں کی خبریں میڈیا میں آ رہی ہیں۔







