جانبداری کے الزام پر سلمان کا مشورہ

بھارت کے معروف ٹی وی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے اینکر سلمان خان پر ناظرین مسلسل جانبدار ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بڑی تعداد میں لوگ کہہ رہے ہیں کہ سلمان خان بگ باس کے گھر میں موجود گوہر خان کو بے وجہ اپنی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
گوہر خان اداکارہ نگار خان کی بہن ہیں اور انھوں نے سنہ 2003 میں ’مس انڈیا: دا مسٹری‘ میں اداکاری کی تھی۔ یہ فلم فلاپ ہو گئی تھی۔ گوہر خان ماڈل ہیں اور کئی آئیٹم گانوں کے سبب انھوں نے اپنی پہچان قائم کی ہے۔
سلمان خان مسلسل کئی سال سے اس شو کی میزبانی کر رہے ہیں۔ اس سال وہ ہفتے میں دو دن سنیچر اور اتوار کو ’بگ باس‘ کے گھر کے لوگوں سے باتیں کرتے ہیں اور سامعین کو بہت سی نئی باتیں اپنے منفرد انداز میں بتاتے ہیں۔
سلمان خان نے ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا: ’جن لوگوں کو سنیچر اور اتوار کے پروگرام پسند نہیں آ رہے ہیں وہ بگ باس دیکھنا چھوڑ دیں۔‘
اس کے ساتھ ہی انھوں نے اپنے ناقدوں کو یہ مشورہ بھی دے ڈالا کہ ’لوگ اپنا وقت شو دیکھنے میں برباد کرنے کے بجائے دوسرے ضروری کام کریں۔ انتخابات قریب آ رہے ہیں۔ ووٹ ڈالیں۔ ٹی وی نہ دیکھیں۔‘
کرن کی پارٹی میں کرینہ اور قطرینہ ایک ساتھ

حال ہی میں معروف فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر نے ممبئی میں اپنے گھر ایک مخصوص پارٹی کا انتظام کیا جس میں کرینہ کپور کے ساتھ ان کے کزن رنبیر کپور اور ان کی مبینہ دوست قطرینہ کیف بھی شامل تھیں۔
اطلاعات کے مطابق پارٹی دیر رات تین بجے تک جاری رہی۔ اس میں کرن کے دوست اور ہدایتکار ایان مکھرجی بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ اداکار آدتیہ رائے کپور اور سدھارتھ ملہوترا بھی یہاں نظر آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اداکارہ سنی لیونی زخمی

ٹی وی شو ’بگ باس‘ کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری میں متعارف ہونے والی اداکارہ سنی ليوني اپنی آنے والی فلم ’ٹینا اینڈ لولو‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئیں۔
خبروں میں کہا گيا ہے کہ یہ ایک ایکشن فلم ہے اور اس کے لیے سنی ليوني اور کرشمہ تنّا کو کچھ سٹنٹ سین کرنے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ایسے ہی ایک سین کی شوٹنگ کے دوران سنی ليوني کی پسلیوں میں چوٹ آئی ہے اور ڈاکٹر نے انہیں آرام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے شوٹنگ سے کچھ دنوں تک دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس سین میں سنی لیونی کو کار کے اوپر سے چھلانگ لگا کر کچھ غنڈوں کے اوپر گرنا تھا لیکن سنی ليوني اس سین کو ٹھیک سے نہیں کر پائیں اور انہیں چوٹ لگ گئی۔
فلم کے ہدایتکار دیوانگ ڈھولکیا کے مطابق سنی ليوني نے سٹنٹ سین خود کرنے کی ضد کی تھی اور بد قسمتی سے تمام احتیاط برتنے کے باوجود یہ حادثہ ہو گیا۔







