بالی وڈ راؤنڈ اپ
صوفیہ حیات بگ باس کے گھر میں

برطانوی گلوکارہ اور اداکارہ صوفیہ حیات بدھ کے روز بھارت کے معروف ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں شامل ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شو میں شامل ہونے سے قبل صوفیہ نے کہا کہ بگ باس میں شامل ہونا ان کی زندگی کا سب سے بڑا موقع ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس سے قبل وہ صرف بگ باس میں شامل ہونے کے خواب دیکھتی تھیں اور انہیں گمان بھی نہیں تھا کہ وہ اس کا حصہ بھی بن سکتی ہیں۔
صوفیہ کو اس بات کی بھی خوشی ہے کہ وہ اس کے ذریعے بگ باس شو کے میزبان اور بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان سے ملیں گی۔
’میں بگ باس کے گھر میں اسی طرح رہوں گی جس طرح میں اصل زندگی میں رہتی ہوں۔ مجھ میں کافی بچپنا ہے۔ میں یہ نہیں جانتی کہ اگر کوئی مجھ پر چلایا تو میرا کیا ردِعمل ہو گا۔‘
بگ باس ریئلٹی شو کا یہ ساتواں سیزن ہے اور گذشتہ تین سال سے اس کی میزبانی سلمان خان کر رہے ہیں۔
’دھوم3 میری زندگی کا مشکل ترین رول‘

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان جنھوں نے اپنے 25 سالہ فلمی کیريئر میں مختلف کردار کیے ہیں کا کہنا ہے کہ ’دھوم 3‘ میں ان کا کردار ان کے فلمی کیریئر کا مشکل ترین رول ہے۔
گذشتہ چند برسوں کے دوران انھوں نے ’تارے زمیں پر‘، ’گجنی‘ اور ’تھری ایڈیئٹس‘ جیسی فلموں میں مختلف کردار ادا کیے ہیں لیکن ان کے بقول انھوں نے ابھی تک ’دھوم 3‘ جیسا کوئی کردار نہیں کیا۔
’یہ میرا اب تک کا سب سے مشکل رول ہے۔ میں نے اس سے قبل ایسا کوئي کردار نہیں نبھایا ہے۔ یوں تو ہر فلم اپنے آپ میں ایک چیلنج ہوتی ہے لیکن یہ رول بہت مشکل تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ یہ رول کرتے ہوئے انہوں برا مزہ آیا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اس فلم میں ایک جمناسٹ کا کردار ادا کررہے ہیں اور اس کردار کے لیے انھوں نے سرکس کی ٹریننگ بھی لی اور اس دوران انھوں نے اپنی خوراک کا خاص خیال رکھا۔
واضح رہے کہ اس فلم میں عام خان منفی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ’مجھے فلم کی کہانی بہت پسند آئی تھی لیکن میں اس فلم میں عام ویلن نہیں بنا۔‘
اطلاعات کے مطابق فلم 20 دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔
’ارادھیہ اور عامر کی خوب بنی‘

معروف اداکار ابھیشیک بچن کہتے ہیں کہ جب وہ شکاگو میں فلم دھوم 3 کی شوٹنگ کر رہے تھے تو ان کی بیٹی ارادھیہ اور عامر خان کے درمیان اچھی بنی۔
واضح رہے کہ شکاگو میں شوٹنگ کے دوران ابھیشیک کی بیٹی ارادھیہ اور عامر کے بیٹے آزاد بھی موجود تھے۔
ابھیشیک نے کہا: ’جب ہم دھوم 3 کی شوٹنگ کر رہے تھے تب ارادھیہ ہمارے سیٹ پر آئي تھی۔ عامر خان نے ایک پوری شام اس کے ساتھ گزاری۔ ارادھیہ بھی عامر کو بہت پسند کرتی ہے۔‘
دھوم تھری دھوم سیریز کی تیسری فلم ہے۔ ابھیشیک بچن نے تینوں فلم میں اداکاری کی ہے۔
انوشکا شرما بھی فلمساز

فلم اداکارہ انوشکا شرما نے اب فلم ساز بننے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فلم ساز کے طور پر ان کی پہلی فلم ہوگی این ایچ 10۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اس میں بذات خود اداکاری بھی کر رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق انوشکا شرما یہ فلم انوراگ کشیپ، وکرامادیتیہ موٹوانے اور وکاس بہل کے ساتھ مل کر بنا رہی ہیں۔ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ دہلی میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ فلم اگلے سال ریلیز ہونے والی ہے۔
اس فلم میں پہلے فریڈا پنٹو اداکاری کرنے والی تھیں لیکن سلم ڈاگ ملینیئر سے اپنے کیریئر کی شروعات کرنے والی اداکارہ کے پاس وقت نہیں تھا۔







